بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین کیلئے خوشخبری

صارفین کو ادائیگیاں براہ راست ہوں گی، بینکوں سے معاہدے طے ہوگئے، صارفین ایزی پیسہ اور جاز کیش سے بھی رقم نکلوا سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 7 ستمبر 2024 13:57

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین کیلئے خوشخبری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر2024ء ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ صارفین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فرنچائز سسٹم میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا جس کے بعد بی آئی ایس پی کا فرنچائز سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اب اب رقم براہ راست نکلوا سکیں گے، اس مقصد کے لیے بی آئی ایس پی کے وظائف تقسیم کرنے کے لیے چھ بینکوں سے معاہدے طے پا چکے ہیں، بی آئی ایس پی کارڈ ہولڈر کا وظیفہ بینک اکاونٹ میں ٹرانسفر ہوگا اس کے علاوہ وظائف کی تقسیم ایزی پیسہ، جاز کیش سے بھی ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے فرنچائز سنٹرز کے خفیہ دورے کیے تھے، روبینہ خالد نے فرنچائز سنٹرز پر خواتین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا، فرنچائز سنٹرز پر خواتین نے روبینہ خالد سے کرپشن کی شکایات کی تھیں، جس کے بعد بی آئی ایس پی کے تمام پروگراموں کے صارفین کو براہ راست ادائیگیاں کرنے کا فیصلہ ہوا، رقوم کی براہ راست منتقلی سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی حکومت کی جانب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والا ریلیف بند کر دیا گیا، غریبوں کو یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا، چینی اور گھی مہنگے اور مارکیٹ کے داموں میں خریدنا پڑے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی یہ سبسڈی غیر اعلانیہ بند کی گئی ہے، جس کی وجہ سے اب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رجسٹر افراد کو بھی مہنگے داموں چینی اور گھی ملیں گی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت چینی 109 روپے تھی جو اب 155 روپے کلو کر دی گئی، 650 روپے میں ملنے والا 10 کلو آٹے کا تھیلا اب 1500 روپے کا ملے گا، 380 روپے والا گھی 450 روپے کلو کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :