گورنرسندھ نے جدید ترین آن لائن ایپلی کیشن IVY کا افتتاح کردیا

ہفتہ 7 ستمبر 2024 18:16

گورنرسندھ نے جدید ترین آن لائن ایپلی کیشن IVY کا افتتاح کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنرہائوس میں جدید ترین آن لائن ایپلی کیشن IVY کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ ایپلی کیشن طلبہ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے یہ اے اور او لیول کے طلباء کو عالمی مقابلوں کے لئے مہارت فراہم کرے گی۔ اس ایپلی کیشن سے بہت مناسب فیس میں بھرپور استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس شاندار اقدام پر IVY کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آئی وی وئی جدت سے استفادہ حاصل کرنے کے ہمارے عزم کا واضح ثبوت ہے اس ضمن میں اے اور او لیول کی تیاری کروانا قابل تعریف اقدام ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی دنیا میں ٹیکنالوجی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

آن لائن ایپ سے صوبہ کے نوجوانوں کو بھرپور مواقع حاصل ہوں گے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ حکومتی و نجی شعبے، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اس اقدام میں اپنا تعاون اور حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ 62 فیصد نوجوان کے ہوتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنے سے کوئی روک نہیں سکتا ہے۔ یقین سے کہ سکتا ہوں کہ آئندہ چند سالوں میں وہ مقصد حاصل کرلیں گے جس کے لئے پاکستان بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں یہاں مراد سوہنی جیسے لو گ بھی موجود ہیں جنھوں نے اس شہر کی حفاظت کے لئے 2ہزار سے زائد نگہبان کیمرے نصب کئے ہیں اسی وژن کے تحت گورنرہائوس میں نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید کورسز کرائے جارہے ہیں آج گورنرہائوس میں 50ہزار نوجوان یہ کورسز کی تربیت مفت حاصل کررہے ہیں۔

راشن ڈرائیو بھی اپنی مدد آپ کے تحت جاری ہے جس سے مستحقین کو راشن مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے کام کرنے کا سوچیں تو اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت آپ تک پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے گورنرہائوس نہیں دیکھا تھا۔آج عام آدمی کے لئے گورنرہائوس کے دروازے 24گھنٹے کھلیں ہیںان 2برس کے دوران تقریباً 3.3ملین افراد گورنر ہائوس کا دورہ کرچکے ہیں ان لوگوں نے یہاں سے بہت کچھ سیکھ اور حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے پاس وسائل تک نہیں تھے ان کے والد ایک مستری تھے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور پورے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔ اس موقع پر افغانستان، بحرین، اومان ، انڈونیشیا، سری لنکا، ملائیشیا سمیت دیگر ممالک کے قونصل جنرل بھی موجود تھے، اس کے علاوہ جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے چانسلر وجیہ الدین، آئی او بی ایم کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق سومرو، انڈس اسپتال نیٹ ورک کے صدر ڈاکٹر عبدالباری، فضل دادا بھائی ، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر، پاکستان - کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن شاہد اشرف ، آئی وی وائے کے ڈائریکٹرز ولید خانزادہ، وسیم تاج، مدنی جتوئی، یاسر امین، عبدالصمد اور معاذ بن ظفر خان بھی موجود تھے۔