متحدہ عرب امارات میں 12 ربیع الاول کو عام تعطیل کا اعلان

فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے پیغمبر اسلام ﷺ کے یوم ولادت پر چھٹی کا سرکلر جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 9 ستمبر 2024 12:58

متحدہ عرب امارات میں 12 ربیع الاول کو عام تعطیل کا اعلان
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں 12 ربیع الاول کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، اماراتی میڈیا کے مطابق فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے اس سلسلے میں ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے پیغمبر اسلام ﷺ کے یوم ولادت پر تعطیل کا اعلان کیا، اس ضمن میں اتھارٹی نے کہا کہ ’اس سال کی سرکاری تعطیلات کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کی بنیاد پر وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں 15 ستمبر بروز اتوار کو چھٹی ہوگی‘، تاہم اس چھٹی کے بعد متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو دسمبر میں قومی دن کے لیے ایک طویل چھٹیاں ملیں گی، 2 اور 3 دسمبر بالترتیب پیر اور منگل کو آئیں گی، تاہم ہفتہ اتوار کے اختتام ہفتہ کے ساتھ ملایا جائے تو یہ چار دن کی چھٹی بنتی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ خلیجی ممالک سمیت بیشتر اسلامی ممالک میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت 12 ربیع الاول کو منایا جاتا ہے جو کہ اسلامی کیلنڈر کا تیسرا مہینہ ہے، مسلمانوں کے لیے یہ حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس دن کو روزہ رکھ کر یا قرآن پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے روحانی طور پر جڑنے میں گزاریں کیوں کہ اس دن مسلمان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی یاد مناتے ہیں، پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم 570 عیسوی میں مکہ مکرمہ سعودی عرب میں پیدا ہوئے۔

اسی مناسبت سے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت کا دن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس موقع پر عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا جاتا ہے، نبی آخر الزمان ﷺ کی حیات مبارکہ اور تعلیمات پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور ہیں، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی کانفرنسز تقریبات اور محفل میلاد منعقد کی جاتی ہیں۔