ایران نے روس کو بیلسٹک میزائل منتقل کئے ہیں، یورپی یونین

میزائلوں کی فراہمی کے حوالے سے اتحادیوں کی جانب سے فراہم کردہ قابل اعتماد معلومات سے آگاہ ہیں،ترجمان

منگل 10 ستمبر 2024 11:50

ایران نے روس کو بیلسٹک میزائل منتقل کئے ہیں، یورپی یونین
ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2024ء) ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل روس کو منتقل کرنے کا معاملہ ایک بار پھر منظر عام پر آگیا ہے۔ یورپی یونین نے پیر کے روز انکشاف کیا کہ اس کے اتحادیوں کے پاس انٹیلی جنس معلومات ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران نے ماسکو کو بیلسٹک میزائل فراہم کیے ہیں۔ یورپی یونین نے ان کھیپوں کی تصدیق ہونے پر تہران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا بھی انتباہ دیا۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق یونین کے ترجمان پیٹر سٹینو نے کہا کہ ہم روس کو ایرانی بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی کے حوالے سے اتحادیوں کی جانب سے فراہم کردہ قابل اعتماد معلومات سے آگاہ ہیں۔ تاہم ان معلومات پر ایرانی ردعمل آنے میں زیادہ دیر نہیں لگی ۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر رہنما فضل اللہ نوزری نے ان رپورٹوں کو محض ایک نفسیاتی جنگ قرار دیا ہے۔کریملن نے اس معلومات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صرف یہ کہا کہ ایران روس کا شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعاون اور بات چیت کو فروغ دے رہے ہیں۔ کریملن نے ان معلومات کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا۔