Live Updates

ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر اپنے فرائض آئین وقانون کے مطابق سرانجام دے

سیاست میں مداخلت کرنے والے افسران کا کورٹ مارشل کیا جائے، سخت سے سخت سزا دی جائے، خیبرپختونخواہ اسمبلی نے اداروں کی سیاست میں مداخلت کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی

muhammad ali محمد علی بدھ 11 ستمبر 2024 00:40

ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر اپنے فرائض آئین وقانون کے مطابق ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر2024ء) خیبرپختونخواہ اسمبلی نے قرارداد منظور کی ہے کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر اپنے فرائض آئین وقانون کے مطابق سرانجام دے، سیاست میں مداخلت کرنے والے افسران کا کورٹ مارشل کیا جائے، سخت سے سخت سزا دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی نے منگل کے روز بلائے گئے اجلاس میں اداروں کی سیاست میں مداخلت کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظورکرلی۔



قرارداد حکومتی رکن شیرعلی آفریدی نے پیش کی جس کے متن میں کہا گیا کہ ہرادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کراپنے فرائض آئین وقانون کے مطابق سرانجام دے۔ پچھلے دو سالوں سے فوج کے کچھ افسران کی مداخلت ان کے اپنے حلف سے انحراف ہے جوکہ آئین کے آرٹیکل کے مطابق غداری کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اسمبلی متفقہ طور پر اس چیز کا بھی پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ ان افسران کے خلاف فوجی قوانین کے مطابق نوٹس لے کران کیخلاف کورٹ مارشل کیاجائے اورسخت سے سخت سزادی جائے اوران کو غیرآئینی،غیرقانونی اورغیرانسانی اقدامات سے بازرکھاجائے۔

یہ ایوان فوج کی لازوال قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتاہے لیکن چند افسران کے ذاتی مفادات نے اس ملک کی جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ یہ اسمبلی متفقہ طور پر پی ٹی آئی قیادت اورکارکنوں کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتی ہے اوراس بات کا بھی پرزورمطالبہ کرتی ہے کہ غیرآئینی و غیر قانونی طور پر گرفتار پی ٹی آئی لیڈرشپ کو جلد از جلد باعزت رہا کیا جائے ورنہ حالات کے ذمہ دار فوج کے یہ چند افسران ہوں گے۔ وفاقی حکومت قومی اسمبلی پرشرمناک حملے کی ذمہ داری ہے۔ یہ ایوان عمران خان کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کرتاہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات