پنجاب پولیس کا حافظ سعد رضوی اور انس رضوی کا سراغ لگا لینے کا دعوٰی

تحریک لبیک کے امیر اور ان کے بھائی کی جلد گرفتاری کا امکان ظاہر کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 14 اکتوبر 2025 21:43

پنجاب پولیس کا حافظ سعد رضوی اور انس رضوی کا سراغ لگا لینے کا دعوٰی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2025ء) پنجاب پولیس کا حافظ سعد رضوی اور انس رضوی کا سراغ لگا لینے کا دعوٰی، تحریک لبیک کے امیر اور ان کے بھائی کی جلد گرفتاری کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ مذہبی جماعت تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس کے مابق خفیہ ذرائع اور ٹیکنیکل ٹریکنگ کی مدد سے سعد رضوی اور ان کے بھائی کا ٹھکانہ معلوم کر لیا گیا ہے، جلد دونوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ حکام نے دونوں رہنماؤں کو پرامن طریقے سے خودسپردگی کی ہدایت کی ہے، اگر سعد رضی زخمی ہیں تو ریاست طبی سہولیات فراہم کرے گی، بشرطیکہ وہ خود کو قانون کے حوالے کریں۔

(جاری ہے)

چھپنے کی کوئی جگہ باقی نہیں بچی، کارروائی قانونی دائرے میں رہے گی، مگر گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے ان کی معاونت کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ ریاست نے نرمی کا دروازہ کھلا رکھا ہے، مگر قانون سے بھاگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اب فیصلہ حافظ سعد اور انس رضوی کو کرنا ہے، مزاحمت یا خود سپردگی؟۔ دوسری جانب این سی سی آئی اے اور ایف آئی اے نے ٹی ایل پی دفتر سے برآمد کردہ سامان کی تفصیلات جاری کردی ہیں، بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں ٹی ایل پی دفتر پر چھاپہ مارا، اس دوران ٹی ایل پی دفتر سے 2کلو سونا، 11کروڑ 42لاکھ روپے کی غیرملکی کرنسی، 50ہزار روپے بھارتی روپیہ، اور دیگر قیمتی سامان ملا ہے، اسی طرح ٹی ایل پی دفتر سے 72کروڑ روپے پاکستانی کرنسی بھی ملی۔

برآمد غیرملکی کرنسی میں بھارتی روپیہ،ڈالر، یورو، پاوٴنڈز، ریال و دیگر کرنسی شامل ہے۔ٹی ایل پی دفتر سے ملکی و غیرملکی کرنسی کے علاوہ پرائز بانڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔اسی طرح ٹی ایل پی دفتر سے ایک کلو 922گرام سونا، 898گرام چاندی برآمد کی گئی۔ مختلف برانڈز کی 69گھڑیاں، سونے کے 445گرام 28چوڑیاں اور کڑے برآمد ہوئے ہیں۔ سونے کے 490گرام وزن کے12بریسلٹ، 24ہار، چین اور لاکٹ برآمد ہوئے ہیں۔ سونے کے 355گرام وزن کے 46انگوٹھیاں، 6بریسلٹ، 72دیگر چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔ چاندی کے 460گرام وزن کا ایک تاج، اور 72انگوٹھیاں ملی ہیں۔ ٹی ایل پی دفتر سے برآمد کردہ سامان کی تفصیلات این سی سی آئی اے اور ایف آئی اے نے جاری کی ہیں۔