Live Updates

ٹی ایل پی احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا

ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے فوری گرفتاریاں کی جائیں گی، سوشل پلیٹ فارمز کو جعلی مواد 24گھنٹوں میں ہٹانے کی ہدایت، فیک اکاؤنٹس بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہورہے ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 اکتوبر 2025 21:02

ٹی ایل پی احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کیخلاف کریک ڈاؤن ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 14 اکتوبر 2025ء ) تحریک لبیک پاکستان ٹی ایل پی احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔ میڈیا کے مطابق فیک نیوز نیٹ ورکس کے مرکزی کرداروں کی فہرست تیار کرلی گئی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے فوری گرفتاریاں کی جائیں گی۔ ڈیپ فیک لیبک جعلی ویڈیوز اور آڈیوز کی فرانزیک جانچ جاری کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر باربار خلاف ورزی اکاؤنٹ کی مستقل معطلی کی سفارش زیر غور ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام محتاط رہیں غیرمصدقہ ویڈیوز یا کلپس شیئر کرنے پر کارروائی ہوسکتی ہے، اداروں کیخلاف نفرت انگیز جھوٹ پر زیروٹالرنس پالیسی نافذ العمل ہے۔ سوشل پلیٹ فارمز کو نوٹس جاری کردیئے گئے ، جس میں ہدایت کی گئی کہ جعلی مواد 24گھنٹوں میں ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

ملزمان کیخلاف این سی سی آئی اے میں مقدمات درج ہوں گے۔ ایف آئی اے، سائبر کرائم اور دیگر خصوصی یونٹس ملزمان کی گرفتاریاں کریں گے۔ بیرون ملک ملوث افراد کیخلاف سفارتی قانونی کاروائیاں پلان کی جائیں گی۔ فیک نیوز کے سہولتکاروں کی نشاندہی ، مشکوک ٹرانزیکشنز کی اسکریننگ جاری ہے، اس طرح کے فیک اکاؤنٹس بھارت اور افغانستان سے آپریٹ ہورہے ہیں۔

مزید برآں میڈیا کے مطابق این سی سی آئی اے اور ایف آئی اے نے ٹی ایل پی دفتر سے برآمد کردہ سامان کی تفصیلات جاری کردی ہیں، بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں ٹی ایل پی دفتر پر چھاپہ مارا، اس دوران ٹی ایل پی دفتر سے 2کلو سونا، 11کروڑ 42لاکھ روپے کی غیرملکی کرنسی، 50ہزار روپے بھارتی روپیہ، اور دیگر قیمتی سامان ملا ہے، اسی طرح ٹی ایل پی دفتر سے 72کروڑ روپے پاکستانی کرنسی بھی ملی۔

برآمد غیرملکی کرنسی میں بھارتی روپیہ،ڈالر، یورو، پاوٴنڈز، ریال و دیگر کرنسی شامل ہے۔ٹی ایل پی دفتر سے ملکی و غیرملکی کرنسی کے علاوہ پرائز بانڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔اسی طرح ٹی ایل پی دفتر سے ایک کلو 922 گرام سونا، 898 گرام چاندی برآمد کی گئی۔ مختلف برانڈز کی 69 گھڑیاں، سونے کے 445 گرام 28چوڑیاں اور کڑے برآمد ہوئے ہیں۔ سونے کے 490 گرام وزن کے12بریسلٹ، 24ہار، چین اور لاکٹ برآمد ہوئے ہیں۔ سونے کے 355 گرام وزن کے 46 انگوٹھیاں، 6 بریسلٹ، 72دیگر چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔ چاندی کے 460 گرام وزن کا ایک تاج، اور 72 انگوٹھیاں ملی ہیں۔ ٹی ایل پی دفتر سے برآمد کردہ سامان کی تفصیلات این سی سی آئی اے اور ایف آئی اے نے جاری کی ہیں۔ 
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات