بائیڈن کے جنگ بندی فارمولے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں،حماس

حماس کے وفد نے جماعت کی جانب سے جنگ کے بعد کے دور سے متعلق کسی بھی منصوبے کو مسترد کردیا

جمعرات 12 ستمبر 2024 13:14

بائیڈن کے جنگ بندی فارمولے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں،حماس
مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2024ء) حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے مذاکراتی وفد نے رہ نما خلیل الحیہ کی سربراہی میں قطری وزیر اعظم الشیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور مصری انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل سے قطری دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ان ملاقاتوں میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پیش رفت اور غزہ کی پٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے ثالثوں کے مسلسل کردار اور کوششوں، غزہ کی پٹی کے پورے علاقے سے اسرائیلی فوج کے انخلا، امداد کی فراہمی، قیدیوں کے تبادلے، اور تعمیر نو کے لیے کوششوں کا خیر مقدم کیا۔حماس نے گذشتہ مئی میں امریکی صدر جو بائیڈن کے اعلان کی بنیاد پرغزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کو فوری طور پر نافذ کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

حماس کا کہنا تھا کہ وہ صدر بائیڈن کی طرف سے پیش کردہ جنگ بندی فارمولے کو نئی شرائط کے بغیر قبول کرنے کوتیار ہے۔بیان کے مطابق حماس کے وفد نے جماعت کی جانب سے جنگ کے بعد کے دور سے متعلق کسی بھی منصوبے کو مسترد کردیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ غزہ کی پٹی کا انتظام فلسطینیوں کا اندرونی معاملہ ہے جس پر متفقہ فلسطینی نقطہ نظر سے اتفاق کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حماس کے وفد نے موجودہ مرحلے کے اثرات کا مقابلہ کرنے اور قومی میدان کو متحد کرنے کے لیے ایک قومی وژن پر متفق ہونے کے لیے تمام فلسطینی دھڑوں اور قوتوں کے ساتھ ایک جامع قومی مذاکرات کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا۔