الیکشن ٹربیونل: مرزا اختیار بیگ کے خرم شیر زمان پر اعتراضات مسترد

الیکشن ٹربیونل نے خرم شیر زمان کی الیکشن پٹیشن قابلِ سماعت قرار دے دی

پیر 16 ستمبر 2024 13:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2024ء) الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کی پٹیشن پر پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ کے اعتراضات مسترد کر دیے۔ کراچی کے حلقے این اے 241 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار مرزا اختیار بیگ کی کامیابی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔الیکشن ٹربیونل نے خرم شیر زمان کی الیکشن پٹیشن قابلِ سماعت قرار دے دی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے مؤقف اپنایا کہ مرزا اختیار بیگ دہری شہریت کے حامل ہیں۔خرم شیر زمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کے مطابق خرم شیر زمان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ خرم شیر زمان کے الزامات سے متعلق تفصیلی دلائل کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ خرم شیر زمان نے این اے 241 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرزا اختیار بیگ کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔