حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے‘وزیراعظم

پیر 16 ستمبر 2024 22:00

حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ الحمد للہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے‘ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پیٹرولیم شعبے سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی گنور (Gunvor) گروپ کے چیئرمین توربیون تورنقوسٹ (Torbjorn Tornqvist) اور ٹوٹل انرجیز کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ مہمت جیلیپوعلو (Mehmet Celepoglu) نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک معاون خصوصی طارق فاطمی اعر متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم نے گنور گروپ کے چیئرمین کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الحمد للہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں۔

ہماری معاشی و کاروباری پالیسیوں کے مثبت ثمرات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے۔چیئرمین گنور گروپ نے پاکستان کے پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گنور گروپ پاکستان میں ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد حصص کا معاہدہ کر چکی ہے۔چیئرمین گنور گروپ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو گنور گروپ کے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔