بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کیلئے گرینڈ جرگہ بلایا جائے، جسٹس (ر) وجیہہ الدین

جمعہ 20 ستمبر 2024 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2024ء) عام لوگ اتحاد کے بانی چیئرمین جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے بلوچستان کے سلگتے ہوئے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنا کسی ایک یا دو شخصیات کا نہیں بلکہ اس کیلئے گرینڈ جرگہ بلایا جائے اور حکومت بھی اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ بلوچستان کی محرومیوں کا پائیدار حل ڈھونڈا جاسکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارٹی کے دفتر میں اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین فرخ ضیاء شیخ، چیف آرگنائزر کموڈور (ر) سدید اے ملک کاشر SI(M) ، سیکریٹری اطلاعات محمد صغیر قریشی اور پارٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جسٹس وجیہہ الدین نے کہا کہ بلوچستان کے گھمبیر حالات کا تقاضہ ہے کہ ہمیں اس صوبے میں پارٹی کا باضابطہ چیپٹر اسٹیبلش کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہمیں BNP (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور بلوچستان کے سرکردہ سیاسی رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو اپنے ساتھ شریک کرکے بلوچستان کے حالات کو سدھارنا چاہئے۔ جسٹس وجیہہ الدین کا مزید کہنا تھا کہ ان رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کرنی چاہئے اور انہیں بلوچستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی مثبت سرگرمیوں میں ہماری پارٹی کا تعاون اور حمایت حاصل ہوگی۔

انہوں نے بلوچستان کے مسائل پر مزید کہا کہ اصل مسئلہ عوام کے حقوق کا استحصال ہے۔ بلوچ بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز ہونی چاہئے جبکہ پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو روزگار فراہم کرنا چاہئے اور اگر فوری روزگار نہیں دے سکتے تو انہیں گھر پر وظیفہ دینا چاہئے لیکن یہ تعاون براہِ راست ان محروم لوگوں کو ملنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل جامع انداز میں سیاسی طور پر حل ہونے چاہئیں۔ اس موقع پر سدید اے ملک نے کہا کہ ملک بھر میں پارٹی کی رکنیت سازی اور رابطہ عوام مہم تیز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ملک و علاقے کے حالات سے باخبر رکھتے ہوئے مسائل کے حل کے بارے میں اپنی پالیسی سے آگاہ رکھیں گے۔