برصغیر پاک و ہند کے پنجابی زبان کے عظیم صوفی شاعر سید وارث شاہ کے 226 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ پیر 23 ستمبر 2024 15:27

شیخوپورہ  ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر 2024ء ) شیخوپورہ کے نواحی قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں آسودہ خاک پنجابی زبان کے معروف شاعر و قصہ ہیر رانجھا کے مصنف سید پیر وارث شاہ کے 226ویں سالانہ تین روزہ عرس کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ ، ڈی پی او بلال ظفر شیخ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس سمیت دیگر نے عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز مزار اقدس کو غسل دیکر کیا ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد ، اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نمائندگان سمیت عقیدت مندوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔ مزار سید وارث شاہ کو عرق گلاب سے غسل دیا گیا ، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور صندل و دیگر عطریات سے معطر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملک و قوم کی ترقی و سلامتی ، قدرتی آفات و بیماریوں سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں ۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے دربار شریف پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت ، سول ڈیفنس ، ریسکیو ودیگر محکمہ جات کی جانب سے قائم کیے گئے کیمپس کا دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرس پر آنیوالے زائرین کیلئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ، سید وارث شاہ جیسی ہستیوں کے در پہ حاضری نصیب کی بات ہے، سید وارث شاہ سے مسلمانوں کیساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی عقیدت رکھتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ اولیا ء کا فیضان ہے کہ پاکستان میں سانس لے رہے ہیں ، اولیا ء اللہ کے مزارات سے روحانی و قلبی سکون ملتا ہے ، سید وارث شاہ نے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر رواداری ، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر بتایا کہ عرس کی تقریبات 3 روز تک جاری رہیں گی ، پیر سید وارث شاہ کے 226 ویں سالانہ عرس کے لیے خصوصی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کے دوران فول پروف سکیورٹی ، پارکنگ ، میڈیکل کیمپس اور دیگر انتظامات کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، سالانہ عرس کی تقریبات کے پہلے روز شام 4 بجے رسہ کشی اور رات 9 بجے پنجابی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے ، دوسرے روز 24 ستمبر کو شام 4 بجے والی بال اور رات 9 بجے مقابلہ ہیر خوانی ہوگا جبکہ 25 ستمبر کو شام 4 بجے کبڈی میچ اور رات 9 بجے صوفی نائٹ کا اہتمام کیا جاۓ گا ۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ سید وارث شاہ کی پوری شاعری میں پنجاب کی تہذیب و ثقافت کا عکس ایک شفاف آئینہ کی طرح نظر آتا ہے اور اسی کے ساتھ ہی اسلامی روایات کا پرچار بھی خوب احسن طریقے سے کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر بلال ظفر شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کی حفاظت کیلئے عرس مبارک پر سکیورٹی کے پول پروف انتظامات ہیں ، سیکورٹی پر 2 ہزار اہلکار تعینات جبکہ 120 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :