نواز شریف کا 3اکتوبر کو لاہور سے لندن روانگی کا امکان

غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں ٹکٹ بھی بک کروا لی گئی‘پارٹی زرائع

بدھ 25 ستمبر 2024 20:25

نواز شریف کا 3اکتوبر کو لاہور سے لندن روانگی کا امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا 3اکتوبر کو لاہور سے لندن روانہ ہونے کا امکان ہے، غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں ٹکٹ بھی بک کروا لی گئی ۔پارٹی زرائع کے مطابق نواز شریف کی آئندہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لندن روانگی متوقع ہے۔ نواز شریف لندن میں اپنے طبی معائنہ کروائیں گے، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ لندن روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

پارٹی زرائع کے مطابق نواز شریف لندن میں پارٹی کے نئے عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے جنہیں پارٹی کے لندن چیپٹر کی حال ہی میں تنظیم نو کے بعد تعیناتیاں کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کا لندن میں قیام دو ہفتوں تک محیط ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ نواز شریف گزشتہ سال 21 اکتوبر کو وطن واپس آئے تھے ۔نواز شریف کی 11 ستمبر کو بیگم کلثوم نواز کی چھٹی برسی کے بعد لندن روانگی متوقع تھی تاہم قومی اسمبلی میں مجوزہ آئینی ترمیم کی وجہ سے ان کی روانگی تاخیر کا شکار ہوئی ہے اور اب بھی اگر حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل پیش کرنے کا فیصلہ ہوا تو نواز شریف کی لندن روانگی کچھ دن تاخیر کا شکار بھی ہو سکتی ہے۔