گلو کار مسعود احمد رانا کی برسی 4 اکتوبر کو منائی جائے گی

منگل 1 اکتوبر 2024 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) گلو کار مسعوداحمد رانا کی برسی 4 اکتوبر کو منائی جائے گی ۔ مسعود احمد رانا 9جون 1938کو میرپور خاص کی زمیندار فیملی میں پیدا ہوئے، ان کے آبائواجداد کا تعلق جالندھر سے تھا جو قیام پاکستان سے قبل ہی ہجرت کرکے سندھ میں رہائش اختیار گئے ۔ مسعود احمد رانا نے کسی سے موسیقی کی تعلیم حاصل نہیں کی،وہ محمد رفیع سے متاثر تھے۔

مسعود رانا نے پچاس کی دہائی میں ریڈیو پاکستان حیدر آباد سے فنی سفر کا آغاز کیا۔ بطور پلے بیک سنگر انہیں شہرت باباجی اے چشتی کی بنائی ہوئی دھن پر فلم ڈاچی کے گیت ٹانگے والا خیر منگدا سے ملی۔انہوں نے 5 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیت گائے۔ مسعود احمد رانا نے تین عشروں تک پاکستان کی فلمی موسیقی پر حکمرانی کی۔

(جاری ہے)

وہ 1964ءمیں لاہو رمنتقل ہوئے اور جلد ہی اردو اور پنجابی فلموں کے مقبول ترین گلوکار بن گئے۔

انہوں نے اردو اور پنجابی زبانوں میں تین تین سو سے زائد گیت گائے جن کا آج بھی کوئی نعم البدل نہیں اور ساڑھے پانچ سو سے زائد فلموں کیلئے گانے ریکارڈ بھی کروائے۔مسعود احمد رانا 4 اکتوبر 1995کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ان کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری اور موسیقی سے دلچسپی رکھنے والے طبقوں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں مسعود رانا کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔