Live Updates

عمران خان اسلام آباد اور مری کی ٹھنڈی ہواوں میں پھنس چکے ہیں، منظور وسان

مجھے محسوس ہورہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کچھ عرصہ مزید جیل میں رہیں گے، حکومتی سسٹم چلے گا مگر چہرے تبدیل ہونگے، رہنماء پیپلز پارٹی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 1 اکتوبر 2024 13:32

عمران خان اسلام آباد اور مری کی ٹھنڈی ہواوں میں پھنس چکے ہیں، منظور ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم اکتوبر2024 ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءمنظور وسان نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد اور مری کی ٹھنڈی ہواوں میں پھنس چکے ہیں،منظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے محسوس ہورہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کچھ عرصہ مزید جیل میں رہیں گے،حکومتی سسٹم چلے گا مگر چہرے تبدیل ہونگے،شہباز شریف سمجھدار آدمی ہیں موجودہ حالات میں اگر کچھ کمال دکھاگئے توبچ جائیں گے۔

رہنماء پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان احتجاج کروا کر اپنے لئے ریلیف لینا چاہتے ہیں مگر ریلیف دینے والے بھی بڑے پکے ہیں وہ پریشر میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا ہ علی امین گنڈا پورنے بھڑکیں مارکر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی دونوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ہمیشہ غیر ضروری بیانات دیتے رہتے ہیں جس سے پہلے بھی پارٹی کیلئے مشکلات پیدا ہوئی تھیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے بیانات کو کوئی بھی سنجیدہ نہیں لیتا۔انہیں احساس ہونا چاہئے کہ وہ صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات انہیں زیب نہیں دیتے۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماءمنظور وسان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ ماہ قومی اسمبلی میں اہم فیصلے ہونے اور کچھ تبدیلیوں ہو نگی۔

خوابوں کے بادشاہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں نظرآرہا تھا۔ اگروہ جیل سے باہر نکلے گا تو بھی وہ اسی طرح مشکلات کا شکار ہی رہیں گے۔ انکے بیانات بھی اسلام آباد میں اچانک آنے والی بارش کی طرح ہوتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے آئندہ آنے والے دن سیاستدانوں کیلئے بھی اچھے دن نظر نہیں آرہے تھے۔

منظور وسان نے یہ بھی کہا تھا کہ سیاستدانوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ایسے حالات پیدا کئے جائیں گے تو پارلیمینٹ کی کیا حیثیت رہ جائےگی۔پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے سب کو مل جل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔پارلیمنٹ کی عزت وتوقیر پر کوئی کمپرومائز نہیں سکتا۔اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ایسا رویہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات