گرین معیشتوں کے فروغ سے ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے،آئی ایم ایف

گرین پروگرام سے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں ، رپورٹ

منگل 1 اکتوبر 2024 19:25

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2024ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے کہاہے کہ عالمی سطح پر ماحول دوست معیشت کے فروغ سے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات آئی ایم ایف کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ میں کہی گئی ۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ گرین معیشتوں کے فروغ سے ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کا مقصد کاربن کے اخراج کو کم کرنا اور ماحول کو پائیدار بنانا ہے ،تاہم رپورٹ کے مطابق ماحول دوست ملازمتوں میں خواتین کی نمائندگی کی شرح مردوں کی نسبت کم ہے ۔

خواتین کے مقابلے میں مردوں کو دو تہائی سے زیادہ گرین ملازمتیں مل رہی ہیں تاہم گرین ملازمت ملنے والی خواتین کو مردوں کے مقابلے میں 12فیصدزیادہ اجرت مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سٹیم(سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ و ریاضی)کے شعبوں میں خواتین کی شرکت میں اضافہ اورصنفی مساوات کو فروغ دینے سے سبز معیشت میں منتقلی کا عمل تیز اور موثر ہوسکتا ہے۔

رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے صنفی مساوات اور تعلیم میں بہتری لانا ضروری ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق ان ممالک میں جہاں خواتین کو برابر مواقع دیے جا رہے ہیں وہاں کاربن کے اخراج کو کم کرنے والی پالیسیوں کا اثر زیادہ موثر رہا ہے۔آئی ایم ایف نے تمام ممالک سے سٹیم اور صنفی شمولیت کو فروغ دیکر ماحول دوست معیشت کی ترقی میں مدد کیلئے اقدامات کی ضرورت پرزوردیا ہے۔