وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ٹرانسپورٹ سیکٹر گروپ کے ڈائریکٹر مسٹر چن چن کی ملاقات

منگل 1 اکتوبر 2024 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ٹرانسپورٹ سیکٹر گروپ کے ڈائریکٹر مسٹر چن چن نے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اے ڈی بی کے وفد میں ٹرانسپورٹ سیکٹر گروپ کے سینئر افسران اور ماہرین شامل تھے جبکہ وزارت منصوبہ بندی کی نمائندگی رکن برائے انفراسٹرکچر وقاص انور اور انفراسٹرکچر ڈیپارٹمنٹ کے سینئر حکام نے کی۔

ملاقات میں پاکستان کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے اے ڈی بی کی جاری معاونت، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور اس شعبے کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان میں سڑکوں اور ریل کے رابطوں کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک ایک جامع علاقائی رابطے کے ملٹی ماڈل پلان کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں اے ڈی بی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی طرف سے پہلے ہی مکمل کیے گئے کام کو بہت زیادہ فروغ ملے گا۔ 2022 کے سیلاب پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کو 30 بلین ڈالر کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے ناکافی بین الاقوامی ردعمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) میں اہم پروگراموں کو سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں سے نمٹنے کے لیے دوبارہ تشکیل دینا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ان آفات کی وجہ سے روایتی مالیاتی نقصانات کا سامنا نہیں کرنا چاہیے، خاص طور پر کیونکہ ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں کو بڑھانے کے لیے ذمہ دار ممالک کی طرف سے خاطر خواہ مدد نہیں ملی۔ وزیر نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے ریلوے کی استعداد کار میں اضافہ کرنے میں پاکستان کی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور قومی ایجنڈے کی اصلاحات سے ہم آہنگ رابطے کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ریلویز، ٹرانسپورٹ اور میری ٹائم انفراسٹرکچر سے متعلق کئی اہم منصوبوں کی بحالی اور نظرثانی پر بھی زور دیا جن کی منظوری 2018 میں دی گئی تھی لیکن پچھلی حکومت کے دور میں رک گئے تھے۔ مزید برآں، وزیر نے سفارش کی کہ اے ڈی بی نالج شیئرنگ سسٹم قائم کرے تاکہ دنیا بھر کے ممالک آسانی سے اس کے ماڈلز اور تجربات سے سیکھ سکیں۔ دونوں اطراف نے سڑکوں کے منصوبوں کے لیے ملٹی ٹرانچ فنانسنگ فیسیلٹی (MFF) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس شعبے میں مستقبل کی کوششوں پر تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر احسن اقبال نے اے ڈی بی کے وفد کا ان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیااور کہا کہ اے ڈی بی پاکستان کے لیے ایک اہم ترقیاتی شراکت دار رہا ہے، خاص طور پر بعد از سیلاب انفراسٹرکچر کی بحالی کی کوششوں میں بھی رہا ہے ۔