چار روزہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ 7 سے 10 اکتوبر تک گلگت میں جاری رہے گی

پیر 7 اکتوبر 2024 16:58

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2024ء) پاک آرمی اور حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے چار روزہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ 7 سے 10 اکتوبر تک گلگت میں جاری رہے گی۔ ورکشاپ میں پاکستان بھر سے ایکسپرٹ سپیکرز بلائے گئے ہیں جو شرکاء کو اہم موضوعات کے بارے میں آگاہی فراہم کرینگے خصوصاً وہ موضوعات اور مسائل جن کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

ورکشاپ کے شرکاء میں جی بی اسمبلی کے ممبران ، سماجی و سیاسی شخصیات ، علمائے کرام ، صحافی حضرات ،وکلاء حضرات ، پروفیسر ، طلباء اور یوتھ کی کثیر تعداد شامل ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی نے کہا کہ ورکشاپ میں معاشرے کے مختلف شعبوں سے اکھٹے ہونے والے افراد کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ یہ ورکشاپ نہ صر ف تعلیمی لحاظ سے گہری اہمیت کی حامل ہو گی بلکہ قومی سلامتی کو در پیش مسائل کو سمجھنے اور ایک دوسرے سے سیکھنے میں انتہائی معاون ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں نہ صرف اہم موضوعات پر بحث مباحثہ ہوگا بلکہ شرکاء جی بی کے اہم اداروں کا دورہ بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ پہلی ورکشاپ کی کامیابی اور فیڈ بیک کو مد نظر رکھتے ہوئے ورکشاپ کے دوسرے ایڈیشن میں مزید شرکاء اور اضافی شعبوں کے ساتھ ترتیب دیا گیا تا کہ نیشنل سیکیورٹی چیلنجز کی سمجھ کو وسیع کیا جا سکے۔