گورنرسندھ نے لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کا وطن واپسی پر خیر مقدم کیا

حکومت پاکستان نے تمام افراد کی جلد واپسی کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے ہیں،کامران خان ٹیسوری

بدھ 9 اکتوبر 2024 17:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2024ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لبنان میں پھنسے ہم وطنوں کی واپسی پر ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو، ممبر قومی اسمبلی سید حفیظ الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وطن واپس آنے والوں نے گورنرسندھ کو بتایاکہ اس وقت لبنان پر اسرائیل نے جنگ مسلط کی ہوئی ہے اور وہاں کے حالات انتہائی خطرناک ہوچکے ہیں ان حالات میں حکومت پاکستان نے لبنان میں پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے خصوصی فلائٹس کا انتظام کیا ہے جس پر ہم حکومت پاکستان کے بیحد مشکور ہیں۔

وطن واپس آنے والوں نے لبنان کے جنگ زدہ حالات کا بتاتے ہوئے وہاں پر مزیدپھنسے ہم وطنوں کے حوالہ سے بھی گورنرسندھ کوآگاہ کیا۔ گورنرسندھ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت پاکستان نے تمام افراد کی جلد وطن واپسی کے لئے بھرپور انتظامات یقینی بنائے ہیں۔