پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا سیل لوگوں کی توہین کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، عظمی بخاری

جمعہ 11 اکتوبر 2024 11:54

پی ٹی آئی  کا  پروپیگنڈا سیل  لوگوں کی توہین کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2024ء) پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس ایک پروپیگنڈا سیل ہے جسے لوگوں کی توہین کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ ان کی ملزمہ کے شوہر کی زونگ کی فرنچائز ہے اور اس کے نام پر پانچ سو سمز جاری ہو چکی ہیں، جو بلیک میلنگ اور بدتمیزی کے لئے استعمال ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا ذاتی طور پر کسی کو ٹارگٹ کرنے کا ارادہ نہیں بلکہ وہ اس مسئلے پر اس لئے آواز اٹھا رہی ہیں کہ جو ان کے ساتھ ہوا، وہ کسی اور عورت کے ساتھ نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی انتقام لینا چاہتی تو عدالت کا دروازہ نہ کھٹکھٹاتی، ملک میں قانون کی بالادستی اور ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے موجودہ حکومت کی معاشی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت آئی تو ملک میں مہنگائی کی شرح 26 فیصد تھی، جو اب کم ہو کر 6 سے 7 فیصد تک آچکی ہے اور ملک درست راستے پر واپس آ رہا ہے۔