سعودی کمپنی البیک فوڈ سسٹم اور گیس اینڈ آئل پاکستا ن لمیٹڈ (GO) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 11 اکتوبر 2024 22:42

سعودی کمپنی البیک فوڈ سسٹم اور گیس اینڈ آئل پاکستا ن لمیٹڈ (GO) کے درمیان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2024ء) سعودی وزرات سرمایہ کی طرف سے پاکستان میں البیک کے کارروبار کے آغاز کی کوششوں کی حمایت۔ سعودی عرب کی معروف فاسٹ فوڈچین البیک فوڈ سسٹمز اور گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (GO)نے پاکستان میں البیک کے کاروبار کے آغاز کے مواقع کی تلاش کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ ایم او یو سعودی وزارت سرمایہ کاری کی سرپرستی میں سعودی عرب کی عالمی سطح پر برآمدات بڑھانے اور تجارتی سرگرمیوں میں توسیع کے سعودی وژن 2030 کا عکاس ہے۔

ایم او یو کا مقصد پاکستان میں البیک ریسٹورنٹس کھولنے کے لئے اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے مواقع کو تلاش کرنا ہے سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح،وزیر اعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر(نشان امتیاز ملٹری)اور پاکستان اور سعودی عرب کے اعلی سطحی وفود کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

(جاری ہے)

یہ تقریب وزارتِ سرمایہ کاری کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد سعودی برانڈز کو بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے اور عالمی اقتصادی میدان میں مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ GO جس میں سعودی آرامکو نے 40 فیصد حصص خریدے ہیں، پاکستان میں بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔یہ شراکت داری سعودی عرب کے اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور غیر ملکی منڈیوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔یہ اقدام وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں وزارتِ سرمایہ کاری کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے اور مملکت کی حیثیت کو علاقائی اور عالمی سطح پر ایک نمایاں اقتصادی طاقت کے طور پر مضبوط کرتا ہے۔