سپیکر قومی اسمبلی کی چین کے وزیر اعظم سے ملاقات،دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

منگل 15 اکتوبر 2024 20:17

سپیکر قومی اسمبلی کی چین کے وزیر اعظم    سے ملاقات،دونوں ممالک کے مابین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کوچین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک میں پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں دوست ممالک کے مابین پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

سپیکر نے چین کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا چین کے وزیراعظم کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پاکستان میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے، چین پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے اور پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے علاقائی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقائی استحکام کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے علاقائی ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہیں اس منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ملاقات میں علاقائی امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،انہوں نے دونوں ممالک میں تعلیم اور سائنس کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر گفتگو کی گئی اور ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت میں تعاون میں اضافے کو زیر غور لایا گیا۔ پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سپیکر نے پاکستان کی قومی اسمبلی اور چین کی پیپلز کانگریس کے مابین تعاون کو بڑھانے اور مستقبل میں پارلیمانی وفود کے تبادلے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے سپیکر قومی اسمبلی کے چینی قیادت اور عوام سے خیر سگالی کے اظہار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کی دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کے فروغ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا پارلیمانی سطح رابطوں کا فروغ دونوں دوست ممالک کو مزید قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو جاری رکھے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان میں پاکستانی عوام کی طرف سے بے پناہ خلوص و محبت کے اظہار اور حکومت پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان اور عوام کا مشکور ہوں۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے پاکستان میں انعقاد اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔