پائیدار معاشی ترقی اور استحکام کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا ، وزیراعظم

علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے‘ موجودہ صورتحال اجتماعی اقدامات کی متقاضی ہے‘ تمام ممالک ملکر خطے کی معیشت بہتر بنا سکتے ہیں؛ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اکتوبر 2024 11:12

پائیدار معاشی ترقی اور استحکام کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا ، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی اور استحکام کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہے، یقین ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں سیر حاصل گفتگو کے نتائج خطے کے عوام کیلئے دورس ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 23 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ سب کو خوش آمدید کہہ کر خوشی ہو رہی ہے، تمام رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہیں، میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس اجلاس کی صدارت کر رہا ہوں، آج کا اجلاس علاقائی تعاون بڑھانے کا اہم موقع فراہم کررہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایس سی او ممالک دنیا کی آبادی کا 40 فیصد ہیں، ہم عالمی منظر نامے میں تبدیلی اور ارتقا کا سامنا کر رہے ہیں، پائیدار ترقی کیلئے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے، موجودہ صورتحال اجتماعی اقدامات کی متقاضی ہے، پاکستان علاقائی ترقی، استحکام اور روابط کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، تجارتی روابط میں اضافے کیلئے کاوشیں ضروری ہیں، معاشی ترقی اور استحکام کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہے، مشترکہ مستقبل کیلئے اقتصادی استحکام ہماری ضرورت ہے، خطے سے غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کو ترجیح دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے اجتماعی دانش کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھنا ہے، تمام ممالک مل کر خطے کی معیشت کو بہتر بنا سکتے ہیں، ایس سی او اجلاس میں معنی خیز مذاکرات اور نتائج کا خواہاں ہوں، ہم نے اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور سہولتیں فراہم کرنی ہیں، یقین ہے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں سیر حاصل گفتگو کے نتائج خطے کے عوام کیلئے دورس ہوں گے، سیاحتی روابط، گرین ڈویلپمنٹ کے شعبوں پر توجہ کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ افغانستان علاقائی ترقی اور استحکام کیلئے بہت اہم ملک ہے، عالمی برادری افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد پر توجہ دے، افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان سرزمین کا دہشتگردی کیلئے استعمال روکنا ہوگا، پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، ،یقینی بنانا ہوگا افغان سرزمین کسی ملک میں دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو۔