قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا کر 34ہزار تک کر دی گئی

بدھ 16 اکتوبر 2024 19:00

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا کر 34ہزار تک کر دی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر جواد قاضی احمد نے کہا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں 24 گھنٹے کام ہو رہا ہے جو کہ 31دسمبر تک کام مکمل ہو جائے گا، اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش 21ہزار500 سے بڑھا کر 34ہزار تک کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم میں جاری وسیع اپ گریڈیشن کے منصوبے کے لئے میڈیا واک تھرو کا اہتمام کیا ۔ چیمپئیمز ٹرافی کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں پر کشش تبدیلیوں کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا گیا ۔ اس موقع پر پی سی بی ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر قاضی جواد احمد نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم کی ری ڈیزائننگ کے لئے تعمیراتی کام چوبیس گھنٹے جاری ہے ، پی سی بی پر اعتماد ہے کہ ڈیڈ لائن 31دسمبر تک کام مکمل ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں قذافی اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق لایا جا رہا ہے ، کرکٹ فینز کے لیے یہ اسٹیڈیم شاندار ہو گا پاکستان میں کرکٹ کا نیا معیار قائم ہو گا ۔ انہوں نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم کے نئے پویلین میں کھلاڑیوں، میچ آفیشلز ،پارٹنرز اور اہم شخصیات کے لئے فائیو اسٹار سہولیات ہوں گی ، قذافی اسٹیڈیم کا اعلی معیار آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی2025کے مطابق ہو گا ۔

اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 21ہزار 5سو بڑھ کر 34ہزار ہو جائے گی ۔تماشائیوں کے اسٹینڈ ایکشن کے قریب ہوں گے انہیں 20فٹ آگے بڑھایا گیا ہے ، اسٹینڈز میں نئی نشستیں ہوں گی جدید ری پلے سکرینیں نصب کی جائیں گی ۔قاضی جواد احمد نے کہا کہ شائقین کرکٹ پریمئیم انداز میں گراونڈ میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوں گے ، فلڈ لائٹس ٹاور کے لیے جدید ایل ای ڈی لائٹس ہوں گی اس سے براڈ کاسٹ کوالٹی میں اضافہ ہو گا ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ویژن کے مطابق دیگر وینیوز پر بھی جدید فلڈ لائٹس ٹاور ،سکرینز اور نشستوں کی تنصیب ہو گی ۔