ارجنٹائن ، برطانوی گلوکار لیام پین ہوٹل کی تیسری منزل سے گِر کر ہلاک

جمعرات 17 اکتوبر 2024 14:25

ارجنٹائن  ، برطانوی گلوکار   لیام پین ہوٹل کی تیسری منزل سے گِر کر  ہلاک
بیونس آئرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2024ء) برطانوی گلوکار اور معروف بینڈ ’’ون ڈائیریکشن‘‘کے سابق رکن 31 سالہ لیام پین ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہوٹل کی تیسری منزل سے گِر کر ہلاک ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ انھیں لیام پین کی نعش تب ملی جب ایمرجنسی سروسز کو ہوٹل کے قریب سے ہیلپ لائن پر کال موصول ہوئی۔

بیونس آئرس پولیس کے مطابق انھیں ایک شخص کے منشیات کے اثرات کی زد میں ہونے کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر وہ وہاں گئے تاہم جب اہلکار ہوٹل پہنچے تو وہاں انہیں لیام پین کی نعش ملی۔ اس معاملے پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے ڈائریکٹر البرتو کرسنتی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ لیام پین کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برطانوی دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ ارجنٹائن میں حکام سےبرطانوی گلوکار کی موت کی رپورٹ کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔ لیام پین کو عالمی شہرت تب ملی جب وہ 2010 میں برطانوی ٹی وی شو ’دی ایکس فیکٹ‘ میں شامل ہوئے۔ پھر وہ نوجوانوں کے پسندیدہ بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کا حصہ بنے جس میں ہیری سٹائلز، لوئس ٹاملنسن، نائیل ہورن اور زین ملک بھی شامل تھے۔

رواں ماہ کےآغاز میں لیام پین نے ون ڈائریکشن بینڈ کے ایک اور سابق گلوکار نائیل ہورن کے کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔ لیام پین نے اپنی موت سے چند گھنٹے قبل سنیپ چیٹ پر اپنی پارٹنر کے ساتھ ناشتہ کرتے ہوئے ایک وڈیو پوسٹ کی تھی۔ انھوں نے اس پر لکھا تھا کہ ارجنٹائن میں ایک خوبصورت دن ہے۔لیام کی موت کی خبر کے بعد مداح بیونس آئرس کے ہوٹل کے باہر جمع ہوئے۔

ہوٹل کے گیٹ پر مجمع لگنے کی وجہ سے پولیس نے دروازے کو گھیرے میں لے لیا ۔ ہالی وڈ اداکارہ پیرس ہلٹن نے ایکس پر لیام پین کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ۔ برطانوی پریزنٹر ڈرمٹ اولیری نے انسٹاگرام پرلیام پین کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں یاد کرتے ہیں۔ انہیں یاد ہے کہ وہ 14 سال کی عمر میں ایکس فیکٹر پر آڈیشن کے لیے آئے تھے اور(فرینک) سناترا کے گانے سنا کر ہمارے ہوش اڑا دیئے تھے۔

وہ ہمیشہ خوش رہتے تھے۔ ہر ایک کے لیے وقت نکال لیتے تھے۔ وہ اچھے اخلاق، ہمیشہ عاجزی پسند انسان تھے۔ لیام پین برطانوی شہر وولورہیمپٹن میں پیدا ہوئے تھے۔ ستاروں کی دنیا میں اپنا نام بنانے کے لیے انھوں نے 2008 میں پہلی کوشش 14 برس کی عمر میں کی تھی جب انہوں نے ٹیلنٹ شو ’’دی ایکس فیکٹر‘‘ کے لئے آڈیشن دیا بعد ازاں انہوں نے 2010 میں ایک بار پھر ’دی ایکس فیکٹر‘ میں آڈیشن دیا اس وقت ان کی عمر 16 برس تھی اور اس بار اس بار انھوں نے ججز کو متاثر کیا ۔

انھیں شو کے بوٹ کیمپ کے مرحلے میں چار دیگر امیدواروں کے ساتھ رکھا گیا جس کے بعد ’ون ڈائریکشن‘ بینڈ بنا۔ گروپ نے برطانیہ کے چار نمبر ون البمز اور چار نمبر ون سنگلز نکالے جو دنیا بھر میں ٹاپ چارٹس میں شمار ہوئے۔ 2015 میں یہ گروپ ٹوٹ گیا ۔ 2017 میں لیام پین کا پہلا سولو گانا ’سٹرپ دیٹ ڈاؤن‘ آیا جو برطانیہ کے آفیشل چارٹ پر تیسرے نمبر پر رہا ۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے ریٹا اورا کے ساتھ ’فار یو۔ ففٹی شیڈز فریڈ ساؤنڈ ٹریک‘ گایا،یہ گانا بھی بہت مقبول ہوا۔