بھارتی شاعرجاوید اختر کا افغان وزیر خارجہ کےدورہ بھارت میں شاندار استقبال پر شرمندگی اور افسوس کااظہار

منگل 14 اکتوبر 2025 11:44

بھارتی شاعرجاوید اختر کا افغان وزیر خارجہ    کےدورہ    بھارت میں شاندار ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) معروف بھارتی شاعراور نغمہ نگار جاوید اختر نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے دورہ بھارت اور ان کے پرتپاک استقبال پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جاوید اختر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرایک پوسٹ میں امیر متقی کے بھارت میں شاندار استقبال پر شرمندگی اور افسوس کااظہار کیا ۔

انہوں نے کہاکہ میرا سر شرم سے جھک جاتا ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ دنیا کے بدترین دہشت گرد گروہ طالبان کے نمائندے کو وہی لوگ عزت و احترام دے رہے ہیں جو ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف خطبے دیتے ہیں ۔انہوں نے دارالعلوم دیوبند پر بھی سخت تنقید کی جہاں امیر خان متقی کو احترام بھرے انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

(جاری ہے)

جاوید اختر نے کہا کہ دیوبند پر بھی افسوس ہے کہ انہوں نے اس شخص کو اسلامی ہیرو کے طور پر سراہا جو لڑکیوں کی تعلیم پر مکمل پابندی عائد کرنے والوں میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ یہ بھارت میں طالبان کے کسی اعلیٰ رہنما کا 2021میں کابل پر حکومت کے بعد پہلا سرکاری دورہ ہے۔ نئی دہلی میں امیر خان متقی کی پریس کانفرنس میں خواتین صحافیوں کی غیر موجودگی پر شدید تنازع بھی کھڑا ہوا تھا۔ حزب اختلاف کے رہنمائوں نے اسے ناقابلِ قبول اور خواتین کی توہین قرار دیا جبکہ متعدد صحافتی تنظیموں نے بھی افغان وزیر خارجہ پر تنقید کی۔