ناموراداکار بدرمنیر کی 17 ویں برسی منائی گئی

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 17:53

ناموراداکار بدرمنیر کی 17 ویں برسی منائی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے ناموراداکار بدر منیر کی 17ویں برسی 11اکتوبر بروز ہفتہ کو منائی گئی ،انہیں اپنے مداحوں سے بچھڑے سترہ برس بیت گئے۔

(جاری ہے)

اداکار بدر منیر1940ء کو مدیان( سوات ) میں پیدا ہو ئے ، انہوں نے پشتو،اردو اور پنجابی فلموں میں لازوال اداکاری کی ،ان کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے ،اداکار بدر منیر نے اپنے فلمی کیریئر کا باقاعدہ آغاز پشتو رومانوی فلم یوسف خان اور شیر بانو سے کیا ،انہیں چاکلیٹی ہیرو وحید مراد نے فلم انڈسٹری میں متعارف کر وایا،کون جانتا تھا کہ 70 ء کی دہائی میں کراچی کی سڑکوں پر رکشہ چلانے والا اور چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے آفس میں چائے والا خوبصورت چہرے اور گرجدار آواز کا مالک ایک دن پشتو فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ بنے گا۔

اداکار بدر منیر کا فلم یوسف خان اور شیر بانو سے شروع ہونے والا سفر پھر نہیں رکا، انہوں نے 4 دہائیوں تک اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کیا، اپنے 42 سالہ فلمی کیریئر میں انہوں نے 700 سے زائد پشتو، اردو، پنجابی اور سندھی فلموں میں کام کیا۔ اداکار بدر منیر68سال کی عمر میں11 اکتوبر 2008 کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔