2 دنوں تک آئینی ترمیم کا مسودہ فائنل کر لیاجائیگا ، خورشید احمد شاہ

پی ٹی آئی نے آج بھی اپنا مسودہ اجلاس میں پیش نہیں کیا، آئینی کمیٹی میں موجود پی ٹی آئی کے لوگ بے بس ہیں ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے، چیئرمین خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 اکتوبر 2024 17:20

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اکتوبر 2024) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءا ور پارلیمنٹ کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ دو دنوں تک آئینی ترمیم کا مسودہ فائنل کر لیا جائیگا، پی ٹی آئی نے آج بھی اپنا مسودہ اجلاس میں پیش نہیں کیا، آئینی کمیٹی میں موجود پی ٹی آئی کے لوگ بے بس ہیں،پارلیمنٹ ہاﺅس میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کا معاملہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے اور اس پر کافی پیش رفت ہو چکی ہے آنے والے دو دنوں کے اندر آئینی ترمیم کا مسودہ مکمل کر لیا جائیگا ۔

پی ٹی آئی کو کئی بار کہا ہے کہ وہ اپنا مسودہ کمیٹی میں پیش کریں لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی ترامیم کا مسودہ پیش نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی کمیٹی میں شریک پی ٹی آئی رہنماﺅں بیرسٹرگوہر اور عمر ایوب کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں ہے اسی لئے ان کی جانب سے ابھی تک مجوزہ ڈرافٹ پیش نہیں کیا گیا ہے ۔ رہنماء پیپلزپارٹی نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماﺅں نے اپنے ممبران کے اغواءبارے آگاہ کیا ہے میں نے ارکان پارلیمنٹ کے اغواءکا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے سامنے رکھا ہے۔

سپیکر اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔سیدخورشید شاہ کا مزید کہنا ہے کہ طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے معاملے کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے طلباءکے احتجاج میں پی ٹی آئی کا ہاتھ ہے ۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءڈاکٹر فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاﺅ س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی ترمیم سے متعلق اتفاق رائے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

ہم نے حکومت کے ساتھ عدالتی اصلاحات میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو بہتر بنانے کا ایجنڈا ہے۔ ایم کیو ایم اس مسودے کے حق میں ہے۔ہم نے ہمیشہ کوشش ہے کہ ملکی مفاد میں ہونے والی ترامیم کی حمایت کی جائے ۔سیاسی جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات ملکی مفاد میں ہیں ۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئینی ترامیم پر کافی حد تک کام ہو گیا صرف پھونک مارنی باقی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج اچھی اور مثبت خبروں کا دن ہے، توقع ہے کہ آج یہ کام ہو جائے گا۔توقع ہے کہ تمام جماعتوں کے درمیان آئینی ترمیم کے مسودے پراتفاق رائے ہو جائیگا۔