پنجاب میں بیلاروس کے تعاون سے ٹریکٹروں کی تیاری کیلئے اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ مریم نواز سے بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا کی ملاقات، پنجاب میں الیکٹرک بس پراجیکٹ میں معاونت کی پیشکش، دوطرفہ باہمی تعلقات، زراعت، تجارت اور سیاحت کے فروغ پر بات چیت کی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 اکتوبر 2024 18:33

پنجاب میں بیلاروس کے تعاون سے ٹریکٹروں کی تیاری کیلئے اسمبلنگ پلانٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2024ء) پنجاب میں بیلاروس کے تعاون سے مقامی سطح پر ٹریکٹروں کی تیاری کے لئے اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیلاروس نے پنجاب میں الیکٹرک بس پراجیکٹ میں بھی معاونت کی پیشکش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسانے ملاقات کی،جس میں ٹریڈ قونصلر الیا قانہ پلیو بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دوطرفہ باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور زراعت، تجارت اور سیاحت کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ بیلا روس کے ساتھ زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں زرعی مشینری خصوصاً ٹریکٹرز کی تیاری میں بیلاروس کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

پاکستان اور بیلاروس کے مابین باہمی تعلقات بالخصوص تجارت میں اضافہ چاہتے ہیں۔ بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسانے کہاکہ ٹریڈ کیلئے ٹرانزٹ روٹ اور سڑکوں کے ذریعے تجارتی کوریڈور خطے کیلئے خوش آئند ہو گا۔ بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسانے باہمی تجارت کے فروغ کا روڈ میپ طے کرنے کیلئے وزیر زراعت، وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور صدر بنک آف پنجاب سے بھی ملاقات کی۔

 
مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پہنچ گئیں اور ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ائیر ایمبولینس پیشنٹ وارڈ میں وزیراعلی مریم نواز شریف کودیکھتے ہی بہاولپور سے لاہور شفٹ ہونے والے مریض نے سلیوٹ کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بہاولپور سے ائیر ایمبولینس پرپی آئی سی منتقل ہونے والے مریض امجد علی کی عیادت اور صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

ہارٹ پیشنٹ امجد علی نے ائیر ایمبولینس سروس کے اجرا پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو ازراہ عقیدت سلام کیا اور ائیر ایمبولینس سروس کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے امجد علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ائیر ایمبولینس سروس پنجاب کے عوام کا حق ہے، کسی پر احسان نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پی آئی سی کے دورے کے دوران ٹرائیج ایریا میں مریضوں کی آمد اور علاج کے آغاز کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اورائیر ایمبولینس پیشنٹ وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی بھی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی اوران کے مسائل کے فوری حل کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک بزرگ مریض غلام فرید سے پنجابی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے پوچھا کہ”کی حال اے،کتھوں آئے او“۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ایمرجنسی وارڈ کے پاس بزرگ میاں بیوی کو دیکھ کر رک گئیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بزرگ مریض خوشی محمد کے فوری علاج کی ہدایت کی اور بزرگ مریض کو ایمرجنسی میں فوری طور پر وہیل چیئر مہیا نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف بعد ازاں وارڈ میں بزرگ مریض خوشی محمد کے پاس پہنچ گئیں اور علاج کے عمل کا خود مشاہدہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکورٹی اہلکا رو ں کو مریضوں کی آمد و رفت میں مداخلت سے سختی سے روک دیا۔

پی آئی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ری ویمپنگ پلان اورہسپتال کے دیگر امورپر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کیلئے پریشانی کا سبب بننے والے اور بدعنوان عناصر کے خلاف حتمی کارروائی کا حکم دیا اورپی آئی سی میں انتظامی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر انتظامی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مافیاز کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے پی آئی سی پر مریضوں کا رش کم کرنے کیلئے پی آئی سی ٹو کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور پی آئی سی ٹو میں انتظامی سربراہ کی فوری تعیناتی کا حکم بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پی آئی سی ٹو میں جدید اور بہترین مشینری اور کیتھ لیب فراہم کرنے کی ہدایت کی۔