لوکل گورنمنٹ کے تحت لاہور میں نو نئی تحصیلیں تشکیل دی جا چکی ہیں‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

بلدیات کے وزیر کی قیادت میںنئے قانون کو حتمی شکل دینے کے لیے کام جاری ہے ‘ وزیر خزانہ

جمعرات 24 اکتوبر 2024 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2024ء) پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰشجاع الرحمان نے میونسپل کارپوریشن لاہور کی سٹاف یونین فار آل زونز کی خصوصی دعوت پر ٹائون ہال لاہور کا دورہ کیا۔ وزیر خزانہ نے یونین کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور ان کو مبارکباد پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰشجاع الرحمان نے کہا کہ بیوروکریسی عوام کے لیے اپنے دفاتر کے دروازے اس انداز میں نہیں کھول سکتی جس طرح عوامی نمائندے کھولتے ہیں۔

میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، اور ان کے جائز مطالبات نہ صرف سنے جائیں گے بلکہ انہیں عملی طور پر حل بھی کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ جب بھی ہم نے حکومت سنبھالی، ہم نے بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

میاں محمد نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں، ہم بلدیات کے نئے قانون پر کام کر رہے ہیں تاکہ مقامی سطح پر موثر انتظامی نظام فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ کے تحت لاہور میں نو نئی تحصیلیں تشکیل دی جا چکی ہیں، اور وزیر اعلی کی قائم کردہ کمیٹی، بلدیات کے وزیر کی قیادت میں، اس نئے قانون کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔وزیر خزانہ نے مزید وضاحت کی کہ ''نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت انتخابات کے لیے طریقہ کار اور نئی حلقہ بندیاں ترتیب دی جا رہی ہیں۔ اگلے سال کے آخر تک ہم اس قابل ہوں گے کہ بلدیاتی انتخابات کروا سکیں۔صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے یونین کی تشکیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونینز کا مقصد ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانا ہے، اور انہوں نے ٹکا خان گروپ سے توقع ظاہر کی کہ وہ میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے مسائل کے حل میں کامیاب ہوں گے۔