ایبٹ آباد،معاون خصوصی برائے امور جیل خانہ جات کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ،سہولیات اور مختلف حصوں کا جائزہ لیا

پیر 28 اکتوبر 2024 20:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے امور جیل خانہ جات نے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا دورہ کر کے سہولیات اور مختلف حصوں کا جائزہ لیا،وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے امور جیل خانہ جات ہمایون خان نے سوموار کے روز ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا دورہ کیا ان کے ہمراہ ایم پی اے افتخار خان اور لائق محمد خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جیل آمد پر ڈی آئی جی پریزن ہزارہ عمیر خان اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد راشد احمد،اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عامرحیات اور نوید حیدر نے مہمانون کا استقبال کیا اور جیل کے چاق و چوبند دستے نےسلامی پیش کی جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے جیل میں موجودہ ترقیاتی سرگرمیوں NAVTTC سکل سنٹر،انڈسٹریل یونٹ،تعلیم بالغاں،دینی و دنیوی تعلیم،قیدیوں و حوالاتیوں کو دی گئیں سہولیات اور سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،بعد ازاں معاون خصوصی نے اندرون جیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جیل بارک،ہسپتال لنگر خانہ،انڈسٹریل یونٹ،لائبریری،سکل و کمپیوٹر سنٹرز کا معائنہ کیا،اس دوران اُنھوں نے بچوں کا احاطہ،زنانہ سیکشن،سزائےموت گھاٹ میں مختلف قیدیوں سے بھی ملاقات کی اور جیل میں دی گئی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔