کولگام میں لاپتہ نوجوان کی لاش برآمد،رام بن اور ریاسی میں سڑک حادثات میں چار افراد کی موت

بدھ 30 اکتوبر 2024 21:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2024ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع کولگام سے لاپتہ ہونے والے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق27سالہ عادل بشیرجو رعناواری سرینگر کا رہائشی ہے، 30ستمبر 2024سے لاپتہ تھا۔ اس کے گھر والوں نے بتایاکہ وہ کام کے لیے گھر سے نکلا اور واپس نہیں لوٹا۔

اس کی لاش اہرہ بل کے قریب دریاسے برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے عادل کے ساتھ لاپتہ ہونے والی خاتون کی لاش دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی۔ حکام نے تحقیقات کے بعد بتایاکہ لاپتہ ہونے سے قبل دونوں کو ایک گاڑی میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔دریں اثناء رام بن اور ریاسی اضلاع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں چار لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ادھر بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں ایک 60سالہ شخص محمد عبداللہ شیخ ٹریکٹر کی زد میں آکرجاں بحق ہوگیا۔ بانڈی پورہ کے ہی علاقے سوناواری میں ایک 14سالہ لڑکی نے خودکشی کی کوشش کی۔