لاہور میں سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری

صوبائی دارالحکومت میں 4 نومبر سے 9 نومبر تک ایک ہفتے کے لیے پانچویں کلاس تک کے سکول بند رہیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 نومبر 2024 16:18

لاہور میں سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نوٹی فکیشن صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیا گیا۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع لاہور کے علاقائی دائرہ اختیار میں واقع تمام سکولوں (پبلک اور پرائیویٹ) میں 5ویں جماعت تک کی تمام کلاسیں 04 نومبر بروز پیر سے 09 نومبر بروز ہفتہ تک ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گی، چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) لاہور کو احکامات کی تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا فیصلہ بگڑتے ہوئے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے تناظر میں کیا گیا، اس حوالے سے 03 نومبر کو پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997ء کے سیکشن 6(1)(t) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب کی طرف سے احکامات جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

notification
قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سموگ کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پانچویں جماعت تک اسکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹیاں دے رہے ہیں، عوام سموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔

انہون نے بتایا کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ہے، کل مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 1900 تک ہوگیا تھا، بعد میں یہ اے کیو آئی کافی کم ہوا، سموگ کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب نے اقدامات کیے ہیں، 8 ماہ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو بٹھا کر لائحہ عمل دیا، سموگ سے بچاؤ کے حکومتی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی گئی۔