سرمائے کی سیاست ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے: ڈاکٹر مزمل ہاشمی

اتوار 3 نومبر 2024 19:08

سرمائے کی سیاست ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے: ڈاکٹر مزمل ہاشمی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3نومبر۔2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی راہنما ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سیاست میں سرمائے کا استعمال ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ وہ سیاسی جماعتیں جو کروڑوں روپے اپنا ٹکٹ بیچیں وہ کرپشن ختم کرسکتی ہیں نہ ملک میں تبدیلی لا سکتی ہیں۔ ہم ایک ایک فرد، ایک ایک گھر اور ایک ایک گلی تک پہنچ کر ملک کی سیاسی منڈیوں کو بند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ مہینے تک لاہور کی 100 یونین کونسل میں اپنی رکنیت سازی مہم کو مکمل کرلیں گے۔ ہم پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی شکل میں ایک ایسی سیاسی جماعت کے منظر نامہ پیش کرنے جارہے ہیں جو حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کی ترجمانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ امیر اور غریب کے لیے ایک جیسی تعلیم، ایک جیسا انصاف اور ایک جیسی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم کرپشن کو قومی جرم قرار دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں میں یوسی 53 قصورپورہ میں کارکنان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے کیا۔ تقریب میں پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے والے کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب میں کارکنان نے پارٹی رکنیت کا حلف بھی اٹھایا اور پارٹی کے منشور کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر اور پی پی 174 سے سابقہ ٹکٹ ہولڈر ناصر محمود گھمن نے کہا کہ مرکزی مسلم کے دروازے چوبیس گھنٹے کارکنان اور عوام کے لیے کھلے ہیں۔

حلقے کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان مرکزی مسلم ان کے حقوق کی محافظ ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری مرکزی مسلم لاہور ریاض احمد احسان نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ روایتی سیاسی جماعت نہیں بلکہ آل انڈیا مسلم لیگ کا تسلسل ہے، ہماری قیادت سے لے کر کارکنان پرعزم ہیں ہم نے پاکستان کو اس منزل تک پہنچانا ہے جس کے لیے یہ ملک بنا ہے۔ صدر تحصیل سٹی لاہور چوہدری معاذ اشتیاق نے کہا کہ ہم عوامی خدمت کا عزم لے کر میدان میں اترچکے ہیں۔

ہمارا پر کارکن عوامی خدمت کو اپنا شعار سمجھتا ہے۔ ہم آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور ہر مشکل میں آپ کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔ تقریب سے صدر تحصیل کینٹ عمر بن عبد العزیز، صدر پی پی حلقہ 174 علی آرائیں، جنرل سیکرٹری پی پی 174 عدنان گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔