سکھر کے مرحوم و شہید صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں تقریب ، اہل خانہ میں ایوارڈ تقسیم

منگل 5 نومبر 2024 21:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2024ء) سکھر پریس کلب میں شہید صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں تقریب، اہل خانہ میں ایوارڈز تقسیم ، شرکاء کا شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ۔جان محمد مہر کے قاتل ضرور گرفتار ہونگے، سید کمیل حیدر شاہ کی یقین دہانی ۔سکھر پریس کلب، سکھر یونین آف جرنلسٹس اور دیگر صحافتی تنظیموں کی جانب سے سکھر میں نصف صدی کے دوران خدمات انجام دینے والے مرحوم و شہید صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں "ہم نہ بھولیں گے" کے نام سے یادگار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمان خصوصی سکھر ضلع کونسل کےچیئرمین سید کمیل حیدر شاہ تھے۔

تقریب میں ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی،ٹاؤن کمیٹی نثار صدیقی کے چیئرمین طارق چوہان،سکھر چیمبر کے صدر خالد کاکیزئی، سابق صدر عامر غوری، کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان احمد کھوسو، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر خورشید احمد میرانی، بیرسٹر خان عبدالغفار خان، سکھر چیمبر کے سابق صدر عامر غوری کے علاوہ سیاسی سماجی شخصیات، مرحوم وشہید صحافیوں کے اہل خانہ، سکھر، روہڑی، پنو عاقل، گھوٹکی، خیرپور، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، شکارپور سمیت اندرون سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے صحافیوں نے شرکت کی تقریب کے آغاز میں مرحوم صحافیوں کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی بعد ازاں سکھر کے40سے زائد مرحوم و شہید صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں ان کے اہل خانہ کے افراد کو ایوارڈز دیئے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید صحافی جان محمد مہر کی صاحبزادی نایاب مہر نے اپنے والد شہید جان محمد مہر کا ذکر کرتے ہوئے صحافیوں کو آبدیدہ کردیا اور سوال اٹھایا کہ اس کے والد کے قاتل کیوں گرفتار نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایف یوجے کے فنانس سیکرٹری اور سکھر پریس کلب کے سرپرست لالہ اسد پٹھان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر کے ان مرحوم صحافیوں جن کی یاد یہ تقریب منعقد کی جارہی ہے انہوں نے آمریت کا دور بھی دیکھالیکن اپنے قلم کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی۔ تقریب سے سکھر ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سکھر پریس کلب اور ایس یوجے کی جانب سے مرحوم صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں تقریب منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا ۔

ان کا کہنا تھا کہ 1970 سے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کا ساتھ دیا ہے اور ساتھ دیتی رہے گی ان کا کہنا تھا کہ سکھر کے صحافیوں کو شہید جان محمد مہر کے قاتل جلدقانون کی گرفت میں ہونگے ۔تقریب سے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما عرفان کھوسو، سکھر پریس کلب کے صدر آصف ظہیر لودھی، آل سکھر اسمال ٹریڈرز کے بانی حاجی ہارون میمن ، سکھر چیمبر آف کامرس کے صدر خالد کاکیزئی اور گمس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے بھی خطاب کیا تقریب میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، گمس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے فنانس سیکرٹری و سرپرست سکھر پریس کلب لالہ اسد پٹھان، ڈاکٹر ادیب رضوی اور سکھر چیمبر کے سابق صدر بلال وقار خان کو لائیو اچیومنٹ ایوارڈز بھی دیئے گئے، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا ایوارڈ ان کے صاحبزادے چیئرمین سکھر ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ، اور ڈاکٹر ادیب رضوی کا ایوارڈز ڈاکٹر اقبال داؤد پوتہ نے وصول کیا۔