پنجاب کے کسانوں کےلئے 400ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے،وزیر زراعت پنجاب

بدھ 6 نومبر 2024 17:12

پنجاب کے کسانوں  کےلئے 400ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2024ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے فیصل آباد کے نواحی علاقہ ماموں کانجن میں میاں شوکت عابد زرعی ماڈل فارم کادورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیر زراعت پنجاب نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کے کسانوں کی خوشحالی کےلئے 400ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے جن سے کسانوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ذریعے نہ صرف کاشتکار خوشحال ہوں گے بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔

میاں شوکت عابد نے وزیر زراعت پنجاب کو اکسل سیڈ پروڈکشن کمپنی کے بریڈنگ،سیڈ پروڈکشن اور نرسری سیکشن کا دورہ کرایا۔وزیر زراعت پنجاب نے ماڈل فارم پر سبزیوں کی ہائبرڈ اقسام کی اعلی کوالٹی کے حامل بیجوں کی تیاری کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ دیکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میاں شوکت عابد اور ان کی ٹیکنیکل ٹیم کو ماڈل زرعی فارم پر انٹرنیشنل لیول کی ریسرچ اور کاشتکاری میں جدت لانے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیر زراعت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ اکسل سیڈ پروڈکشن کمپنی ساتھ ایشیا پاکستان میں واحد کمپنی ہے جو سبزیوں کی ہائبرڈ تیار کر رہی ہے،یہ کمپنی پاکستان میں ہالینڈ جیسے ترقی یافتہ ملک کے لیول کی ریسرچ کر رہی ہے اور کمپنی نے اب تک کھیرا،ٹماٹر،سبزمرچ، شملہ مرچ،کریلا ،گھیا توری،خربوزہ اور ہائی ویلیو ویجی ٹیبلز بروکلی، گرکن سمیت الپینو کے متعدد ہائبرڈ متعارف کرائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری کمپنی نہ صرف پاکستان میں بلکہ انٹرنیشنل ڈیمانڈ کے مطابق سبزیوں کے ہائبرڈ تیار کر رہی ہے، چھوٹے کاشتکار اس نرسری سے استفادہ کر رہے ہیں اور آف سیزن ہائی ویلیو ہائبرڈ پودے رعایتی قیمت پر حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نےیقین دلایا کہ موجودہ پنجاب حکومت زرعی تحقیق میں جدت لانے کےلئے کمپنی کے تجربات سے استفادہ کرے گی۔

ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود،ڈائریکٹر و ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی اور محمد اسحاق لاشاری سمیت محکمہ زراعت پنجاب توسیع اور لائیو سٹاک کے افسران بھی وزیر زراعت پنجاب کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن کے افسران کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی لوازمات کی خریداری کے عمل کی موثر مانیٹرنگ اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کےلئے احکامات جاری کئے۔