محکمہ ایکسائز یکم جنوری سے ڈی سی ریٹ کے تحت پراپرٹی ٹیکس کی وصولی شروع کرے گا، ڈائریکٹر ایکسائز

جمعہ 8 نومبر 2024 20:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2024ء) ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد مشتاق فریدی نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا ڈویژن یکم جنوری 2025ء سے ڈی سی ریٹ کے تحت پراپرٹی ٹیکس کی وصولی شروع کرے گا۔جس میں 50 لاکھ روپے مالیت تک کے گھروں پر ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ اسکے علاوہ گاڑیوں کی ٹرانسفر پربائیو میٹرک سسٹم میں آنا لازم قرار دے دیا جائے گا۔

تاہم کنٹونمنٹ بورڑز کو پروفیشنل ٹیکس وصول کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ڈویژن سے 50 کروڑ 39 لاکھ 82 ہزار 605 روپے کی ریکوری کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں ڈویژن بھر سے 25 کروڑ 30 لاکھ 45 ہزار 822 روپے وصول کئے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا ڈویژن محمد مشتاق فریدی نے مزید بتایا کہ ضلع سرگودھا سے 30 کروڑ 91 لاکھ 96 ہزار 963 روپے، ضلع خوشاب سے 9 کروڑ 45 لاکھ 82 ہزار 898 روپے ، ضلع میانوالی سے 5 کروڑ 47 لاکھ 77 ہزار 489 روپے اور ضلع بھکر سے 4 کروڑ 54 لاکھ 25 ہزار 255 روپے کی ٹیکس ریکوری ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ محکمہ ایکسائز ٹیکس وصولی کے لیے کوشاں ہے۔