لاڑکانہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جنرل ہولڈ اپ جاری

منگل 19 نومبر 2024 21:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2024ء) لاڑکانہ پولیس کی جانب سے امن وامان کی فضا کو مزید مستحکم بنانے اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے کیلئے لاڑکانہ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جنرل ہولڈ اپ جاری ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نے پیر اور منگل کی درمیانی شب دیر گئے ضلع بھر کے مختلف علاقوں بقاپور، باقرانی، باڈہ محرابپور، حیدر بخش جتوئی، سرھ لاڑو، ارتھر پل، ڈوکری، وھنی چوک، موئن جو دڑو، کیڈٹ کالج، وکڑو اور خیر محمد آریجا کا گشت کرکے ناکہ بندی پوائنٹس اور پولیس پکٹس کو چیک کرکے مختلف تھانوں اور پولیس چوکیوں کا اچانک دورہ کیا جہاں ایس ایس پی لاڑکانہ نے پولیس ناکوں پر تعینات جوانوں کو مستعدی اور ہوشیاری سے فرائض سرانجام دینے کی رہنما ہدایات جاری کیں اور ان کو شاباشیں دیتے ہوئے حوصلہ افزائی بھی کی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا کہ ضلع بھر میں تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کی زیرِ نگرانی داخلی و خارجی راستوں پر ناکے لگا کر سخت چیکنگ کرکے مشکوک افراد کا آن لائن ڈجیٹل ڈوائس کے ذریعے ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران چیکنگ سینکڑوں گاڑیوں کی تلاشی لی گئی اور پرائیوٹ گاڑیوں میں لگی ممنوعہ بلو بتیاں، کالے شیشے اور فینسی پلیٹس بھی اتارے گئے ہیں جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔