پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیس سائنس کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 21 نومبر 2024 23:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 نومبر2024ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیس سائنس کے زیر اہتمام ٹی یوڈارٹمنڈ یونیورسٹی جرمنی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوی لاہور، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور اور نسٹ اسلام آباد کے اشتراک سے ’جرمنی اور پاکستان میں منصوبہ بندی: شہری اور دیہی مناظر اور ثقافتی ورثے کے درمیان ثقافتی تصور‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کے خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس میں ثقافتی نقطہ نظر سے پائیدار شہری منصوبہ بندی، دیہی ترقی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر روشنی ڈالی گئی ۔کانفرنس میں دونوں ممالک کے متعدد ماہرین،تعلیم دان اور طلباء نے شرکت کرتے ہوئے مشترکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔

وائس چانسلر نے وفد کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔کانفرس سیشن سے چیئرمین پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپیس سائنس پروفیسر ڈاکٹر سید عامر محمود، پروفیسر ڈاکٹر شاکر محمود، پروفیسر ڈاکٹر ڈائٹ والڈ گروہن، پروفیسر تبسم رضا، پروفیسر کومیل طیبی، ڈاکٹر برائس لارنس، پروفیسر ڈاکٹر عتیق الرحمان، ڈاکٹر بشیر زادہ، صفی اللہ اور ڈاکٹر محمد عمران نے خطاب کیا۔

کانفرنس کے موضوع کی اہمیت پر ڈاکٹر سید عامر محمود اور ڈاکٹر محمد عمران نے قبل از وقت وارننگ سسٹم کے قیام کے حوالے سے ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقادکیا جو بین الاقوامی مندوبین کو طلباء اور فیکلٹی ممبران سے رابطہ قائم کرنے اورسائنسی علم و خیالات کے تبادلے کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ یہ اقدام جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں نہ صرف ایک سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ منصوبہ بندی، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور شہری اوردیہی مستقبل کی اختراعات کے لیے راہ ہموار کرتا ہے۔