نوجوانوں کو گلوبل آئی ٹی سرٹیفیکیشنز کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا آغاز

جمعہ 22 نومبر 2024 14:04

نوجوانوں کو گلوبل آئی ٹی سرٹیفیکیشنز کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر2024ء) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب آئی ٹی بورڈ نے حکومت پنجاب کے تعاون سے 10 ہزار نوجوانوں کو 40 سے زائد عالمی تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز فراہم کرنے کیلئے گلوبل آئی ٹی سرٹیفیکیشنز پروگرام کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت پنجاب میں پیشہ ور افراد اور طلباء کو عالمی سطح پر گوگل، مائیکروسافٹ، ایمزون، سسکو، آئی بی ایم، اوریکل، میٹا جیسی معروف عالمی ٹیک کمپنیز سے تسلیم شدہ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

خواہشمند افراد پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر certifications.pitb.gov.pk پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کر کے مطلوبہ سرٹیفکیشن کا انتخاب کریں، فیس ادا کریں اور سرٹیفیکیٹ حاصل کریں۔

(جاری ہے)

سرٹیفیکیشن مکمل کرنے کے بعد امیدوار مکمل فیس کی واپسی کیلئے درخواست دے سکتے ہیں اور حکومت ان کو سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر مکمل فیس ادا کرے گی۔
اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل بنائے گا جس سے نوجوانوں کیلئے اندرون و بیرون ملک روزگار کی نئی راہیں کھلیں گی۔ درست شناختی کارڈ اور پنجاب ڈومیسائل کے حامل نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہو سکتے ہیں۔