پی ٹی آئی احتجاج؛ اسلام آباد 24 مقامات سے سیل، میٹرو بس سروس بھی بند

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 نومبر 2024 11:07

پی ٹی آئی احتجاج؛ اسلام آباد 24 مقامات سے سیل، میٹرو بس سروس بھی بند
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 نومبر2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 24 مقامات سے سیل کرکے میٹرو بس سروس بھی بند کنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد شہر کو 24 مقامات سے کینٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، اسلام آباد کے داخلی راستے روات ٹی چوک، ایران ایوینو، 26 نمبر چونگی، کھنہ پل، فیض آباد، مری روڈ، موٹروے چوک، ایکسپریس وے، نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو، ڈی چوک، سرینا چوک، میریٹ چوک پر کنٹینرز لگا دیئے گئے، اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے اور کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا، اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں 23 نومبر کو میٹروبس سروس آئی جے پی تا پاک سیکرٹریٹ مکمل بند رہے گی، میٹرو بس سروس دو دن صدر تا سیکریٹریٹ مکمل معطل رہے گی، صورتحال دیکھ کرسروس بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ادھر پی ٹی آئی کی جانب 24 نومبر کی احتجاجی کال کے پیش نظر لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کیا گیا ہے، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیرئیر لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے، لاہور رنگ بھی ٹریفک کے لئے بند ہے، جی ٹی روڈ کو جہلم کے مقام سے بند کیا گیا ہے، موٹرویز کے بارے میں کہا گیا ہے کہ مرمتی کام کی وجہ سے بند کی گئی ہیں، موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر فعال ہے۔