یوای ٹی لاہورکے زیراہتمام نینو ٹیکنالوجی اور قدرتی مصنوعات پربین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

ہفتہ 23 نومبر 2024 20:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ کیمسٹری کے زیر اہتمام نینوٹیکنالوجی اور نیچرل پروڈکٹس پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نینو ٹیکنالوجی کے شعبے میں تازہ ترین پیش رفت اور قدرتی مصنوعات میں اس کے اطلاق پر تبادلہ خیال کر نا تھا۔

کانفرنس کی سربراہی چیئرپرسن شعبہ کیمسٹری ڈاکٹرفرحت یاسمین نے کی جبکہ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغہ امتیاز)کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں سائنسی تعاون اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے نینو ٹیکنالوجی کے مختلف صنعتوں میں انقلاب لانے کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا، خاص طور پر صحت اور زراعت کے شعبوں میں اس کے اثرات پر گفتگو کی۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف ملایا، ملائشیا سے مہمان مقررپروفیسر ڈاکٹر خلیجہ بنتی آوانگ نے نینو ٹیکنالوجی اور قدرتی مصنوعات کے حوالے سے پائیدار طریقوں پر اپنے تجربات بیان کیے۔بعد ازاں یو ایم ٹی سے پروفیسر ڈاکٹر چوہدری جمیل انور نے کیمیائی عمل کی ترقی میں نینو مٹیریلز کے کردار پر روشنی ڈالی جبکہ جی سی یو سے پروفیسر ڈاکٹر اطہر عباس نینو ٹیکنالوجی کے میڈیسن کیمسٹری اور ڈرگ ڈلیوری سسٹمز پر اثرات کو زیر بحث لائے۔

اسلامی یونیورسٹی مدینہ، سعودی عرب سے ڈاکٹر خرم سلیم جویا نے دواسازی اور بائیوٹیکنالوجی میں نینو میٹریلز کے ممکنہ استعمال پر اپنی جدید تحقیق پیش کی۔اسی طرح ڈاکٹر اویس احمد، محقق یونیورسٹی آف کورڈوبا، اسپین اور لیکچرر شعبہ کیمسٹری، یونیورسٹی آف لاہور نے قدرتی مصنوعات کی تحقیق میں نینو ٹیکنالوجی کے جدید استعمال اور اس کے مستقبل میں اثرات پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس کی سفارشات کے مطابق نینوٹیکنالوجی اور قدرتی مصنوعات کے امتزاج کو عالمی اطلاق کے لیے فروغ دینے اور ماحول دوست تحقیق کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ تحقیقی کام کو عملی حل میں تبدیل کرنے کے لیے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت اجاگر کی گئی اور پاکستان میں فنڈنگ اور انفراسٹرکچر کے لیے پالیسیوں کی حمایت کی سفارش کی گئی۔ نوجوان محققین کی تربیت کے لیے تربیتی پروگراموں کی تجویز بھی دی گئی۔ کانفرنس میں ڈینز اور رجسٹرارسمیت سینئر اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر مہمان مقررین کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔