Live Updates

پی ٹی آئی کی قیادت پنجاب خصوصاً لاہور سے کارکنوں کو باہر نکالنے میں کامیاب نہ ہو سکی

دعوئوں کے برعکس انتہائی کم تعداد میں کارکنان باہر نکلے ،پولیس نے حراست میں لے لیا ، قابل ذکر رہنما قیادت کرتا نظر نہ آیا فیصل آبادسرگودھا روڈپرکارکنان کی جانب سے انٹرچینج کے قریب پولیس پر پتھرائو،تتلے عالی میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا سینٹرل پنجاب کے صدررانابلال اعجاز،ضلعی صدرپولیس حراست سے فرار،ظہیر عباس کھوکھر پولیس کو چکمہ دے کر بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے

اتوار 24 نومبر 2024 19:25

لاہور/فیصل آباد/سرگودھا/گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پنجاب خصوصاً لاہور سے کارکنوں کو باہر نکالنے میں کامیاب نہ ہو سکی ، دعوئوں کے برعکس انتہائی کم تعداد میں کارکنان باہر نکلے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں ،فیصل آبادسرگودھا روڈپرتحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے انٹرچینج کے قریب پولیس پر پتھرائوجبکہ تتلے عالی میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا ، پولیس نے دونوں واقعات میں ملوث کارکنان کو گرفتار کر لیا ، سینٹرل پنجاب کے صدررانابلال اعجازاورضلعی صدرپولیس حراست سے فرارہوگئے،ظہیر عباس کھوکھر پولیس کو چکمہ دے کر بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے، لاہور سے کوئی بھی قابل ذکر رہنما کارکنوں کی قیادت کے لئے باہر نہ نکلا جس کی وجہ سے کارکنوں میں بھی مایوسی پھیل گئی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر پولیس نے دو روز قبل ہی اپنی تیاریاں شروع کر دی تھیں جس کے تحت تمام داخلی اور خارجی راستوںکو مکمل بند کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات رکھی گئی ۔ گزشتہ روز پنجاب خصوصاًلاہور میں پی ٹی آئی کے دعوئوں کے برعکس انتہائی کم تعداد میں مرد و خواتین کارکنان باہر نکلے جنہیں پولیس نے آسانی سے حراست میں لے لیا ۔

پی ٹی آئی کی جانب سے شہر کے اندر بھی کوئی بڑا احتجاج نہ کیا جا سکے جبکہ جیلوں سے باہر موجود رہنما بھی احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے نظر نہ آئے جس کی وجہ سے کارکنان میں شدید مایوسی پھیل گئی ۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے بتی چوک سے تحریک انصاف کی احتجاج کی کال پر آنے والے دس کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار کیے جانے والوں میں چھ خواتین بھی شامل ہیں۔

پولیس نے لاہور کے علاقہ لٹن روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی سے سیکرٹری اطلاعات پنجاب حافظ ذیشان اور سابق ایم پی اے ندیم عباس بارا کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب شاہدرہ میں پی ٹی آئی کے قافلے پر پولیس نے دھاوا بول دیا جس پر پولیس نے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔مرکزی شاہراہوں کی بجائے گلیوں سے ہوتے ہوئے خارجی راستوں کی طرف آنے والے دیگر کارکنان کو بھی پولیس نے اپنی حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔

فیصل آبادسرگودھا روڈپرتحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے انٹرچینج کے قریب پولیس پر پتھرائوکیا گیا،پولیس نے احتجاج اور پتھرائو کرنے میں ملوث ایم پی اے سمیت درجنوں کی تعداد میں کارکنان کو گرفتار کر لیا جبکہ پولیس کی مزید نفری بھی طلب کرلی گئی۔گوجرانوالہ کے علاقے تتلے عالی میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آگئے،سابقہ ایم این اے بلال اعجازاحتجاج میں شامل ہونے کے لئے ارکنان کے ہمراہ نکلے،پولیس نے روکا تو کارکنان نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

پولیس نے پی ٹی آئی کی6کارکنان کوحراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔سینٹرل پنجاب کے صدررانابلال اعجازاورضلعی صدرپولیس حراست سے فرارہوگئے۔این اے 127 سے ٹکٹ ہولڈر ظہیر عباس کھوکھر بھی کارکنوںکے ہمراہ بتی چوک پہنچے تاہم پولیس کی بھاری نفری نے ان پر دھاوا بول دیا جہاں سے ظہیر عباس کھوکھر پولیس کو چکمہ دے کر بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ، پولیس نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ضمیر احمد جھیڈو کو بھی گرفتار کرلیا ،ان کے ڈیرے سے پی ٹی آئی کے کارکنان کوبھی حراست میں لے لیا گیا ۔ پولیس نے آئی ایل ایف کے وکیل یوسف وائیں ایڈووکیٹ کو مزنگ اڈا چوک سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا ۔پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کو دفعہ 144کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات