یونیورسٹی آف سرگودھا کے سوشیالوجی اور کرمنیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام چلڈرن ڈے کے موقع پر سیمینار

پیر 25 نومبر 2024 14:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2024ء) یونیورسٹی اف سرگودھا سوشیالوجی اور کرمنیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام چلڈرن ڈے کی مناسبت سےسیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع جیلوں میں قید بچوں کی دیکھ بھال تھا پروگرام کے فوکل پرسن لیکچرار محمد زین العابدین اور صائمہ منظور تھیں۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سرگودھا ریجن سعید اللہ گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام یاسین کا کہنا تھا کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں لیکن پاکستان کے جیلوں میں قید 18 سال سے کم عمر بچوں کا اپنا مستقبل تاریک ہو رہا ہے ان بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے جو معمولی جرائم کی وجہ سے فیملی سے دور ہیں اور جیلوں میں قید ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈیپارٹمنٹ ریفارمز پر کام کر رہا ہے اس کے ذریعے ان بچوں کو ہنر مند بنایا جا سکتا ہے یہ وقت کی ضرورت ہے کہ جیلوں سے بچوں کو ایک کار آمد شہری بنا کر باہر نکالا جائے نہ کہ وہ جیلوں سے جرائم پیشہ بن کر نکلیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جیلوں میں عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے باوجود زر ضمانت جمع نہ کرانے کی وجہ جو بچے رہائی کے منتظر ہیں حکومت ان کی رہائی کا بھی انتظام کرے جیلوں میں قید بہت سارے بچے اپنے وکیل کے اخراجات بھی نہیں برداشت کر سکتے ہیں، اس لیے غیر سرکاری تنظیموں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بچوں پر خصوصی توجہ دیں، ڈی ائی جی جیل خانہ جات اور طلبہ کے درمیان بچوں کے قوانین کے حوالے سے مکالمہ بھی ہوا ۔

یونیورسٹی آف سرگودھا اور محکمہ جیل خانہ جات نے اس موقع پر قیدی بچوں کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔