زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیراہتمام گندم اگاؤ مہم کے تحت چک نمبر46ج۔ب میں یوم کاشتکاراں کا انعقاد

منگل 26 نومبر 2024 22:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2024ء) محکمہ زراعت توسیع اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیراہتمام گندم اگاؤ مہم کے تحت چک نمبر46ج۔ب میں یوم کاشتکاراں کا انعقاد کیا گیا ،جس میں کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور خاں کی ہدایت پر جامعہ زرعیہ کے طلبا و طالبات پنجاب کے پانچ ڈویژنز میں مذکورہ مہم کے تحت کھیت کھیت ،کھلیان کھلیان جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یوم کاشتکاراں تقریب کی صدارت ڈائریکٹر ایکسٹنشن فیصل آباد حکومت پنجاب چوہدری خالد محمود نے کی جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر محمد نوید، ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈاکٹر زین العابدین، ڈاکٹر عابد علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ بروقت بوائی، مناسب کھاد، ڈرل اور دیگر آلات کا استعمال گندم بڑھانے کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید رحجانات سے روشناس کروانے کے لئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ ڈاکٹر محمد نوید نے کہا کہ زمین کی زرخیزی کو بحال رکھنے کے لئے مٹی کا تجزیہ نہایت ضروری ہے تاکہ مناسب کھاد کا استعمال کرتے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی جا سکے۔