شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیح ہے‘ساجدہ فاروق تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ کی جانب سے حلقہ این اے 127میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 28 نومبر 2024 19:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ کی جانب سے حلقہ این اے 127میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کے مسائل سنے اور میرٹ پر حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے گئے۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے جمعرات کے روز شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ضرورت مند اور مجبور لوگوں کے مسائل کو ہم ضرور حل کروائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خاتمے کے عمل کو بھی یقینی بنائیں گے۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے کھلی کچہری میں آئے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیح ہے جس میں کسی بھی صورت کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کے لیے ہمارے دفاتر ہر وقت کھلے ہیں۔ سجدہ فاروق تارڑ نے کھلی کچہری میں پیش ہونے والے خصوصی بچے حمزہ شوکت کی مالی معاونت کیلئے ہمت کارڈ بنانے کے فوری احکامات صادر کیے۔

ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ عطا اللہ تارڑ نے الیکشن میں کہا تھا میرا حلقہ میرا گھرہے اور کارکنان خاندان کے فرد کی طرح ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ آج اپنے حلقے کے لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروا رہے ہیں۔ کھلی کچہری میں آئے حلقہ این اے 127 کے لوگوں نے ساجدہ فاروق تارڑ کا ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔کھلی کچہری میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز اور حلقہ این اے 127 کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے پرسنل سٹاف افیسر شہباز طالب، ڈپٹی سیکرٹری اسد ابرار،کوآرڈینیٹر وومن ونگ این اے 127رابعہ افضل، صدر وومن ونگ پی پی 161مہوش ارشد، صدر وومن ونگ پی پی 162سعدیہ ملک، سابق چیئرمین آصف میو، سابق چیئرمین عمران علیم شاہ، تنویر نثار، اعجاز سلہری، شاہد عزیز راجپوت، چوہدری عمیر بھٹہ، طاہرہ عزیز، حفصہ ثاقب، فوزیہ ناز، غزالہ ناز، محمد فاروق بھٹی، ملک حسیب لالی، ذوالفقار سابق کونسلر، الطاف سابق کونسلر بھی موجود تھے ۔