Live Updates

خیبرپختونخواہ میں سیاسی سطح پر گورنر راج لگانا حکومت کی بے وقوفی ہوگی

وفاق کیخلاف صوبائی مشینری کا استعمال گورنر راج کا کوئی جواز نہیں بنتا، اگر قومی اسمبلی یا سینیٹ نے توثیق کی توہمارا پارلیمانی وفاقی نظام پر حملہ ہوگا۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 نومبر 2024 20:36

خیبرپختونخواہ میں سیاسی سطح پر گورنر راج لگانا حکومت کی بے وقوفی ہوگی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 29 نومبر 2024ء ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں سیاسی سطح پر گورنر راج لگانا حکومت کی بے وقوفی ہوگی ، وفاق کیخلاف صوبائی مشینری کااستعمال گورنر راج کا کوئی جواز نہیں بنتا، گورنر راج کی صوبائی اسمبلی توثیق نہیں کرے گی، اگرقومی اسمبلی یا سینیٹ نے توثیق کی توہمارا پارلیمانی وفاقی نظام پر حملہ ہوگا۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا استعفا ابھی تک منظور نہیں ہوا کیونکہ عمران خان سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا، سیاسی کمیٹی اور کورکمیٹی نے استعفا منظور کرنے سے انکار کیا، معاملہ عمران خان کے پا س جائے تو پتا چلے گا، پارٹی کمیٹی کے اندر اگر کوئی بات ہوتی ہے تو باہر نہیں آنی چاہیئے، یہ اخلاقی طور پر درست نہیں، وہ ہمارا ذاتی اندرونی معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے چہ مگوئیاں غلط ہیں، بہت سی باتیں گھڑی گئی ہیں۔ سیاسی سطح پر گورنر راج لگانا بے وقوفی ہوگی جبکہ آئینی قانونی سطح پر جو جواز پیش کیا جارہا ہے وہ غلط ہے، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اگر یہ بات درست بھی ہوکہ کے پی حکومت کی وفاق کیخلاف مشینری استعمال ہوئی ہے تو سزا کے طور پر گورنر راج لگا دیاجائے، یہ نہیں ہوسکتا،آئین میں گورنر راج کا جہاں تک تعلق ہے اگرفنانشل ایمرجنسی کو چھوڑ دیا جائے ، تب ہوسکتا کہ اگر بیرونی یا اندرونی طور پر یلغار ہو جو صوبائی حکومت کی گرفت سے باہر ہو، یہ جواز نہیں دیا جارہا۔

گورنر راج کی صوبائی اسمبلی توثیق نہیں کرے گی، اگرقومی اسمبلی یا سینیٹ نے توثیق کی توہمارا پارلیمانی وفاقی نظام پر حملہ ہوا، گورنر راج سے کبھی کوئی چیز بہتر نہیں ہوئی۔ اگر کوئی اختیارات کی شکایت ہے تو اس کا ازالہ گورنر راج سے نہیں ہوسکتا، مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے، لیکن آئینی منتخب حکومت کو برطرف نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے جس طرح قتل وغارت کی ، گولیاں برسائی گئیں، اس نے حکومت کے اخلاقی جواز گرایا ہے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات