بنوں ، مارٹر گولہ پھٹنے سے دوبھائیوں سمیت 3 بچے جاں بحق

سین تانگہ نالہ میں ضائع شدہ مارٹر گولہ ملا تھا جسے بچے کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگے تو وہ پھٹ گیا، تینوں بچے مقامی دینی مدرسے میں زیر تعلیم تھے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 2 دسمبر 2024 14:10

بنوں ، مارٹر گولہ پھٹنے سے دوبھائیوں سمیت 3 بچے جاں بحق
بنوں(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 دسمبر 2024) خیبرپختونخوا ہ کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں مارٹر گولہ پھٹنے سے دوبھائیوں سمیت 3 بچے جاں بحق ہوگئے،مدرسے کے بچوں نے کھلونا سمجھ کر مارٹر گولہ اٹھا لیا، جو بعد میں پھٹ گیا،تینوں بچے مقامی دینی مدرسے میں زیر تعلیم تھے، نالے میں ملنے والے مارٹر گولے سے کھیلتے ہوئے تینوں بچے حادثے کا شکار ہوئے،ابتدائی اطلاعات کے مطابق بنوں میں سین تانگہ نالہ میں ضائع شدہ مارٹر گولہ ملا تھا جسے بچے کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگے تو وہ پھٹ گیا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 2 بھائی بھی شامل تھے جب کہ تینوں بچے طالب علم تھے جو مدرسے سے گھر جارہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق لاشیں ہسپتال منتقل کرکے علاقے میں حفاظتی اقدامات کے تحت سرچنگ شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے افسوس ناک واقعے میں بچوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

انہوں نے پسماندگان کیلئے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دوسری جانب ضلع کرم میں 2 ہفتوں سے جاری شدید کشیدگی کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ گزشتہ شام سے فائر بندی پر عملدرآمد جاری ہے۔حکام کے مطابق کشیدگی میں کمی کے بعد ضلع بھر میں 10 دن بعد تعلیمی ادارے بھی کھل گئے مگر پشاور پاراچنار روڈ سمیت آمدورفت کے راستے تاحال بند ہیں جس کے باعث اشیائے خورونوش، ادویات اور پیٹرول کی قلت برقرار ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں گزشتہ شام سے فائر بندی پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ ضلع بھر میں 10 روز بعد تمام تعلیمی ادارے کھل گئے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ کرم میں گزشتہ شام سے فائر بندی پر عملدرآمد جاری ہے اور علاقے میں کل شام سے فائرنگ کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والا ایک اور زخمی دم توڑگیا جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 131 ہوگئی جب کہ 186زخمی ہیں۔