اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2025 کے داخلے یکم جنوری سے شروع ہوں گے

پیر 2 دسمبر 2024 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2025ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلے یکم جنوری سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہوں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے داخلوں اور امتحانات کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے یونیورسٹی کے تمام کلیات، تدریسی شعبہ جات اور نظامت داخلہ کو داخلے ایک ہی مرحلے میں پیش کرنے کی ہدایات دی تھیں۔

قبل ازیں یونیورسٹی ہر سمسٹر میں داخلے دو مرحلوں میں پیش کرتی رہی ہے، پہلے مرحلے میں میٹرک، ایف اے، بی ایس(فیس ٹو فیس)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز آفر ہوتے رہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بی ایس(او ڈی ایل)، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز آفر کئے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

نئی پالیسی کے مطابق اب ان تمام پروگرامز کے داخلے یکم جنوری سے ایک ہی مرحلے میں شروع ہوں گے۔

اس اقدام سے ایک جانب وقت کی بچت ہوگی اور داخلوں سے لے کر کتابوں کی ترسیل کا عمل،ٹیوٹرز کی تعیناتی، ورکشاپس اور امتحانات کے انعقاد سمیت نتائج کے اعلانات تک تمام تدریسی سرگرمیاں سٹریم لائن ہو جائیں گی تو دوسری جانب طلبہ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوجائے گا، طلبہ کافی عرصے سے درخواستیں کرتے آ رہے ہیں کہ تمام پروگرامز ایک ہی وقت میں آفر کر دیا کریں تاکہ ہمیں معلوم ہو کہ یونیورسٹی کے داخلوں کا شیڈول کیا ہے۔اس اقدام کا ایک اور بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ فروری اور مارچ کے ماہ میں پاکستان بھر کے سکولز، کالجز اور بورڈز کے نتائج آئوٹ ہوتے ہیں، گریجویٹ طلبہ کو وقت ضائع کئے بغیر یونیورسٹی میں انرولمنٹ کا موقع ملے گا، نتیجے میں یونیورسٹی کے داخلے بڑھیں گے۔