پنجاب یونیورسٹی سکول آف بائیولوجیکل سائنسز کے زیر اہتمام ’پروٹین پیوریفیکیشن اور کریکٹرائزیشن ‘پر ورکشاپ کا انعقاد

پیر 2 دسمبر 2024 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2024ء) پنجاب یونیورسٹی سکول آف بائیولوجیکل سائنسز کے زیراہتمام ’پروٹین پیوریفیکیشن اور کریکٹرائزیشن میں موجودہ تکنیک‘ کے موضوع پر پانچ روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ اس سلسلے میںمنعقدہ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سکول آف بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر صدف ناز، سیکرٹری پی اے ایس پنجاب چیپٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد وحید اختر، فیکلٹی ممبران، محققین اور طلبائوطالبات نے شرکت کی۔

اس ورکشاپ کو پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی معاونت حاصل ہے۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بہترین ورکشاپ کے انعقاد پر سکول آف بائیولوجیکل سائنسز کے اساتذہ،منتظمین اور شرکاء کی تعریف کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ورکشاپس محققین کے کیریئر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ محنت کے علاوہ کامیاب اور خوشگوار زندگی کی کنجی صرف اسی صورت حاصل کی جا سکتی ہے جب ہم اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کریں۔ انہوں نے بانی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر ایف آر ایس، ان کی ٹیم آف ڈائریکٹرز اور ان کے جانشینوں کوخراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر صدف ناز نے مہمانوں، فیکلٹی ممبران ، طلباء اور شرکاء کو خوش آمدیدکہا اورورکشاپ کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے ورکشاپ کی اہمیت اور مختلف صنعتوں جیسے بائیو فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور فوڈ انڈسٹری میں اس کے استعمال پر روشنی ڈالی۔پروفیسر ڈاکٹر وحید اختر نے پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح پروٹین صاف کرنے اور خصوصیت سے متعلق یہ ورکشاپ شرکاء کو صنعتی ایپلی کیشنز والے پروٹین سے نمٹنے کے قابل بنائے گی جو کہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر اے آر شکوری نے بھی سکول آف بائیولوجیکل سائنسز کے قیام اور بانی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر محمد اختر ایف آر ایس، (ممتاز نیشنل پروفیسر اور ایمریٹس پروفیسر یونیورسٹی آف ساؤتھمپٹن، یو کی) کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا، جنہوں نے سکول آف بائیولوجیکل سائنسزکو ایک کامیاب تحقیقی ادارہ بنایا۔